پاکستان ٹیلی وژن اور ریڈیو پاکستان کی سینئر نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ کی پی ٹی وی اسکرین پر واپسی نے ناظرین اور میڈیا حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑادی ہے۔

عشرت فاطمہ ایک مرتبہ پھر پی ٹی وی کے نیوز بلیٹن میں نظر آئیں، جہاں ان کے ہمراہ ان کے سابق شاگرد اور ساتھی نیوز اینکر زبیر احمد صدیقی موجود تھے۔

زبیر احمد صدیقی نے عشرت فاطمہ کو نہایت احترام اور محبت کے ساتھ خوش آمدید کہا۔

زبیر احمد صدیقی نے تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے یہ لمحہ باعثِ فخر ہے کہ وہ اپنی استاد، بڑی بہن اور پی ٹی وی کی پہچان عشرت فاطمہ کے ساتھ دوبارہ اسکرین شیئر کر رہے ہیں۔

اس موقع پر عشرت فاطمہ نے زبیر احمد صدیقی کا شکریہ ادا کیا اور اپنے چاہنے والوں کی محبت اور حمایت پر اظہارِ تشکر کیا۔

واضح رہے کہ تقریباً تین دہائیوں تک میڈیا سے وابستہ رہنے والی عشرت فاطمہ کو ملک بھر میں 9 بجے کے مشہور نیوز بلیٹن کی بدولت خاص پہچان حاصل ہوئی۔

چند روز قبل عشرت فاطمہ اس وقت خبروں میں آئیں جب انہوں نے ریڈیو پاکستان سے استعفیٰ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ادارے میں انہیں یہ احساس دلایا گیا کہ اب ان کی اہمیت باقی نہیں رہی، جس کے باعث انہوں نے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔

بعد ازاں انہیں پی ٹی وی میں بطور مینٹور دوبارہ ذمہ داریاں سونپ دی گئیں، جسے میڈیا انڈسٹری میں ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

عشرت فاطمہ کی واپسی پر سوشل میڈیا پر بھی بھرپور ردعمل دیکھنے میں آیا۔

کئی ناظرین نے کہا کہ ان کی آواز سن کر بچپن کی یادیں تازہ ہو گئیں، جبکہ متعدد صارفین نے پی ٹی وی کو اپنے سینئر اور لیجنڈ اینکرز کو عزت دینے پر سراہا۔

More

Comments
1000 characters