پاکستان کی معروف غزل گو اور کلاسیکل گلوکارہ ترنم ناز نے اپنی زندگی کے ایک اہم فیصلے پر پچھتاوا ظاہر کیا ہے۔

ترنم ناز اپنی منفرد گائیکی، پی ٹی وی کے یادگار کلاسیکل نغمات اور لیجنڈری گلوکارہ ملکہ ترنم نورجہاں سے مشابہت کے باعث پہچانی جاتی ہیں۔

وہ حال ہی میں طویل وقفے کے بعد نجی چینل کے ایک پروگرام میں شریک ہوئیں۔

پروگرام کے دوران انہوں نے اپنے فنی کیریئر کے ساتھ ساتھ ذاتی زندگی کے ایک حساس معاملہ پر بھی بات کی۔

پروگرام کے میزبان کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنی محنت کی کمائی سے گھر بنایا تھا اور اسے بچوں کے نام یہ سوچ کر کردیا کہ یہ میرے اپنے بچے ہیں ، جو ابھی چھوٹے ہیں اور انہیں شاید کبھی بھی لالچ نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ لیکن جیسے ہی بچے بڑے ہوئے اور ان کی شادیاں ہوگئیں تووہ جائیداد کا حصہ مانگنے لگے جو مجھے قانونی طور پر انہیں دینا پڑا۔

ان کے مطابق، اگرچہ بچے ان کا خیال رکھتے ہیں اور دیکھ بھال کرتے ہیں۔ مگر والدین کی حیثیت اس وقت مختلف ہوتی ہے جب جائیداد ان کے اپنے نام ہو۔


گلوکارہ کا کہنا ہے کہ اب مجھے محسوس ہوتا ہے کہ یہ میری سب سے بڑی غلطی تھی ۔ اگر میں یہ غلطی نہ کرتی تو اچھا تھا۔

واضح رہے کہ ترنم ناز نے استاد عاشق حسین سے کلاسیکی موسیقی کی تربیت حاصل کی اورلیجنڈری گلوکارہ نور جہاں کی سرپرستی میں بھی اپنا فن نکھارا۔

انہیں کلاسیکی موسیقی میں نمایاں خدمات پر صدارتی تمغۂ حسنِ کارکردگی سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

More

Comments
1000 characters