معروف اداکارہ صاحبہ کی والدہ اور ماضی کی مشہور فلمی ہیروئن نشو بیگم کے درمیان ایک جذباتی اور خوشگوار ملاقات دیکھنے میں آئی، جس نے سوشل میڈیا صارفین کے دل جیت لیے۔ کچھ عرصے کی ناراضی اور دوری کے بعد یہ ملاقات دونوں کے لیے نہایت خاص ثابت ہوئی۔

صاحبہ اچانک لاہور میں اپنی والدہ کے گھر پہنچیں، جہاں نشو بیگم کچن میں اپنے ڈیجیٹل چینل کے لیے کھانا تیار کر رہی تھیں۔ صاحبہ کی غیر متوقع آمد پر نشو بیگم جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں۔ دونوں نے ایک دوسرے کو گلے لگایا اور آنکھیں نم ہو گئیں۔

صاحبہ نے پیار سے پوچھا کہ کیا وہ انہیں یاد کرتی تھیں، جس پر نشو بیگم نے کہا کہ جب سے ان کے بچے کراچی منتقل ہوئے ہیں، وہ انہیں بے حد یاد کرتی ہیں۔

نشو بیگم نے اس موقع پر کہا، ’آج اپنی بیٹی سے مل کر مجھے یوں لگا جیسے میں پھر سے جوان ہو گئی ہوں، جیسے میری عمر صرف بائیس برس ہو۔ بچوں کی محبت ماں کو جو طاقت اور توانائی دیتی ہے، اس کا کوئی نعم البدل نہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ لوگ پوچھتے ہیں کہ میں اب بھی خود کوکیوں اتنا جوان رکھتی ہوں، ویڈیوز کیوں بناتی ہوں، تو اس کی وجہ میرے بچے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے آج کے دور میں کچھ لوگ اپنے والدین کو وقت سے پہلے نظرانداز کر دیتے ہیں، ان سے ان کی جائیداد، گھر سن کچھ چھین لیتے ہیں اور آخر میں انہیں اولڈ ہاوس چھوڑ دیتے ہیں۔

انہوں نے خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ ان کے بچے ایسے نہیں۔

اس موقع پر صاحبہ نے بھی اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’لوگ تنقید تو ہر حال میں کریں گے، اس لیے بہتر ہے کہ انسان وہی کرے جو اس کا دل چاہے۔‘

اس خوبصورت اور جذباتی ملاقات پر نشو بیگم کے مداحوں نے خوشی اور دعاؤں کا اظہار کیا۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے ماں بیٹی کے رشتے کو سراہا اور نشو بیگم کی خوشی اور توانائی کو دیکھ کر مثبت تبصرے کیے۔

واضح رہے کہ اداکارہ نشو اپنی شاندار اداکاری، یادگار فلمی گیتوں اور پُراعتماد شخصیت کی وجہ سے آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ وہ نہ صرف ایک کامیاب اداکارہ ہیں بلکہ ایک متحرک ڈیجیٹل کریئیٹر اور موٹیویشنل اسپیکر بھی ہیں، جو سوشل میڈیا خصوصاً ٹک ٹاک پر خاصی مقبول ہیں۔

2024ء میں صاحبہ کی پہلی بار اپنے اصل والد سے ملاقات کے بعد صاحبہ اور نشو بیگم کے درمیان تعلقات خراب ہونے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔ نشو بیگم نے بھی ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ گزشتہ 8 ماہ سے ان کی بیٹی سے ملاقات نہیں ہوئی۔

More

Comments
1000 characters