بولی ووڈ کے معروف اداکار ہریتک روشن حال ہی میں فلم ساز گولڈی بہل کی سالگرہ کی تقریب میں بیساکھیوں کے سہارے نظر آئے، اس منظر نے سوشل میڈیا پر تشویش کی لہر دوڑا دی اور ان کی صحت سے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔

اب ہریتک نے خود سوشل میڈیا پر اس کی وضاحت کرتے ہوئے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں حقیقت بیان کر دی ہے۔

ہریتک روشن نے انسٹاگرام پر ایک طویل اور بے تکلف پوسٹ میں بتایا کہ ان کے بائیں گھٹنے نے اچانک ’چھٹی‘ لے لی، جس کی وجہ سے انہیں بیساکھیوں کا سہارا لینا پڑا۔

انہوں نے لکھا کہ ان کا جسم بعض اوقات غیر متوقع طور پر کام کرنا بند کر دیتا ہے، جیسے ہر حصے کے ساتھ الگ آن/آف بٹن لگا ہو۔

اداکار نے کہا کہ ان کے بائیں پیر، بائیں کندھے اور دائیں ٹخنے کو جب دل چاہے، وہ کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں اور یہ کیفیت ان کی زندگی کا مستقل حصہ بن چکی ہے۔

انہوں نے اسے ایک “قدرتی فیچر” قرار دیا جس نے انہیں وہ تجربات دیے جو عام لوگوں کو نصیب نہیں ہوتے۔

ہریتک کے مطابق اس طرح کے جسمانی مسائل انسان کو ذہنی طور پو بھی متاثر کرتے ہیں، کبھی اچانک مایوسی گھیر لیتی ہے، لیکن یہی تجربات ان کے اندر ایک خاص قسم کی حسِ مزاح بھی پیدا کرتے ہیں، جس کی بدولت وہ حالات کو ہنستے ہوئے قبول کر لیتے ہیں۔

انہوں نے فلم سیٹ سے جڑا ایک دلچسپ واقعہ بھی شیئر کیا جہاں بعض دنوں میں ان کی زبان مخصوص الفاظ بولنے سے انکار کر دیتی ہے۔ ایک سین میں ’ڈنر‘ کا لفظ ادا نہ کر پانے کے باعث وہ بار بار “لنچ” کہہ دیتے تھے، جس پر سیٹ پر موجود ٹیم انہیں درست لفظ یاد دلاتے رہے۔

پوسٹ کے اختتام پر ہریتک نے اپنی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسے لمحات میں انہیں اپنے ساتھیوں سے بے حد محبت اور تعاون کا احساس ہوتا ہے۔

کام کے محاذ پر بات کریں تو فلم وار 2 کے بعد ہریتک روشن جلد ہی کرش 4 میں نظر آئیں گے، جس کا شائقین بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ یہ ان کے کیریئر میں ایک اور خاص سنگِ میل ہوگا کیونکہ اس فلم کے ذریعے وہ بطور ہدایتکار بھی ڈیبیو کرنے جا رہے ہیں۔

More

Comments
1000 characters