معروف پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ ان دنوں خاندانی معاملات اور اپنی ازدواجی زندگی کے حوالے سے خبروں میں زیرِ بحث ہیں۔ سوشل میڈیا پر ان اور ان کی اہلیہ ایمان کے درمیان طلاق سے متعلق مختلف افواہیں گردش کر رہی تھیں، تاہم اہلِ خانہ نے ان خبروں کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دے کر واضح تردید کی ہے۔
رجب بٹ کی ساس لبنیٰ جبین نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ رجب بٹ اور ایمان کا رشتہ ان شاء اللہ برقرار ہے اور جو بھی مسائل درپیش ہیں، انہیں باہمی مشاورت اور خاندانی سطح پر حل کیا جا رہا ہے۔
ان کے مطابق ایمان رجب نے اپنی شادی کو جاری رکھنے کا واضح ارادہ ظاہر کیا ہے اور خاندان کی اولین ترجیح ان کے بیٹے کیوان سلطان کی بھلائی اور بہتر مستقبل ہے۔
لبنیٰ جبین نے اپنے بیان میں عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر مصدقہ خبروں اور سوشل میڈیا قیاس آرائیوں پر یقین نہ کریں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خاندانی معاملات نجی ہوتے ہیں اور انہیں عوامی بحث، دباؤ یا سوشل میڈیا ٹرینڈز کا حصہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پرائیویسی کی خلاف ورزی اور دھمکی آمیز رویہ نہ صرف غیر اخلاقی ہے بلکہ اس کے قانونی نتائج بھی ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے عوام سے احترام، صبر اور ہمدردی کا مظاہرہ کرنے اور خاندان کے لیے دعا کرنے کی درخواست کی تاکہ تمام معاملات وقار، سکون اور باہمی سمجھ بوجھ کے ساتھ حل ہو سکیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں رجب بٹ نے اپنے سالے شیخ عون پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ ذاتی خاندانی مسائل کو سوشل میڈیا پر اچھالا جا رہا ہے اور جھوٹی معلومات پھیلائی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ اور بیٹا کسی بھی قسم کی ہمدردی یا توجہ حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں ہیں۔
بعد ازاں لبنیٰ جبین نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایمان اور کیوان کو بدنام کرنے کی منظم کوششیں کی گئیں، جن میں حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا اور بے بنیاد الزامات شامل ہیں۔
دوسری جانب شیخ عون نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ایمان، کیوان اور رجب بٹ ایک خوشحال اور متحد خاندان کی صورت میں رہیں اور وہ خاندان کی خوشی کے لیے اپنے اختلافات کو ختم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
























