دنیا کی ہر تہذیب میں موسمی بیماریوں سے بچاوکے لیے کچھ روایتی ٹوٹکے نسل در نسل آزما ئے جاتے ہیں۔ چینی ثقافت میں بھی موسمی پھلوں اور جڑی بوٹیوں کو صحت کے لیے خاص اہمیت دی جاتی ہے۔ انہی روایات میں سے ایک قدیم اور مشہور طریقہ نزلہ یا زکام کی ابتدائی علامات ظاہر ہوتے ہی ابلا ہوا ناشپاتی کا استعمال ہے۔

روایتی چینی طب کے مطابق جیسے ہی ہلکا سا سر درد، ناک بند ہونا یا زکام کی ابتدائی علامات ظاہر ہوں، لوگ ابلا ہوا ناشپاتی کھاتے اور اس کا گرم قہوہ پیتے ہیں۔

کہا جاتا ہے کہ اس مرحلے پر بیماری ابھی جسم کی گہرائی تک نہیں پہنچتی، اس لیے ابلا ہوا ناشپاتی بیماری کوجسم سے باہر نکالنے میں مدد دیتی ہے۔

قدیم عقائد کے مطابق یہ گھریلو نسخہ پھیپھڑوں کو سکون دیتا ہے، خشکی کو کم کرتا ہے اور جسم کو بیماری کو جڑ پکڑنے سے پہلے ہی ختم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

تحقیقی جائزوں میں بھی ناشپاتی کوایک قدیم مگر بے حد مفید غذائی پھل تسلیم کیا گیا ہے، جس میں فلیوونائیڈز، ٹرائٹرپینوئیڈز اور فینولک ایسڈز جیسے طاقتور اجزا پائے جاتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ناشپاتی کے زیادہ تر فائدہ مند اجزا اس کے چھلکے میں موجود ہوتے ہیں۔ مختلف سائنسی مطالعات سے ثابت ہوا ہے کہ ناشپاتی جسم میں سوزش کم کرنے، شوگر اور کولیسٹرول کو قابو میں رکھنے، نظامِ تنفس اور دل کی صحت بہتر بنانے اور زہریلے مادوں کے اخراج میں مدد دیتا ہے۔

چینی طب کے مطابق ناشپاتی ذائقے میں میٹھی اور ہلکی ترش، طبیعت میں ٹھنڈی اور عموماً بے ضرر ہوتی ہے، تاہم اس کا ضرورت سے زیادہ استعمال جسمانی کمزوری اور دست کا سبب بن سکتا ہے، اسی لیے اسے اعتدال میں کھانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

اُبلا ہوا ناشپاتی بنانے کا آسان طریقہ

اجزا

1 ناشپاتی

2 کپ پانی

ترکیب

ناشپاتی کو اچھی طرح دھو کر ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ پانی میں ڈال کر اُبالیں اور 2 سے 4 منٹ تک ہلکی آنچ پر پکائیں۔ پہلے گرم پانی پی لیں، پھر ناشپاتی کھا لیں۔

ناشپاتی سے بننے والی دیگر مشہور چینی ڈشز


چائنیز اسٹیمنڈ ناشپاتی ود راک شوگر

ایک روایتی میٹھا اور آزمودہ گھریلو نسخہ، جو صدیوں سے کھانسی، گلے کی خراش اور خشک سانس کی شکایات کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس ڈش میں ناشپاتی کو کاٹ کر اس کے بیچ میں راک شوگر ڈالی جاتی ہے اور پھر اسے بھاپ میں نرم ہونے تک پکایا جاتا ہے۔

بعض اوقات اس میں گوجی بیریز بھی شامل کی جاتی ہیں جو اس کی غذائی افادیت کو مزید بڑھا دیتی ہیں۔ بھاپ میں پکنے کے باعث ناشپاتی کا رس اور قدرتی مٹھاس برقرار رہتی ہے، جو گلے کو سکون پہنچانے اور پھیپھڑوں کو نم رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

یہ ہلکی، خوش ذائقہ اور صحت بخش ڈش خاص طور پر سردیوں میں یا نزلہ زکام کے آغاز پر بے حد مفید سمجھی جاتی ہے۔

اسنو پیر سوپ

نام ہی کی طرح یہ ایک ہلکا اور گرم سوپ ہوتا ہے، جس میں ناشپاتی کو شوگر، کھجوروں اور بعض اوقات ٹریمیلا (اسنو فنگس) کے ساتھ آہستہ آہستہ پکایا جاتا ہے۔ یہ سوپ ذائقے میں ہلکی مٹھاس لیے ہوتا ہے اور عموماً سردیوں میں بطور میٹھا یا ہلکی غذا شوق سے پیا جاتا ہے۔

کہا جاتا ہے کہ یہ گلے کو سکون دیتا ہے، جسم کو گرم رکھتا ہے اور موسمِ سرما میں توانائی بحال کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

ناشپاتی اور جھینگے کی اسٹائر فرائی

اسٹائر فرائیڈ ناشپاتی ود شرمپ ایک منفرد اور ذائقہ دار ڈش ہے جس میں میٹھے اور نمکین ذائقوں کا حسین امتزاج پایا جاتا ہے۔ اس ڈش میں تازہ ناشپاتی کے باریک قتلے، جھینگوں، ادرک اور تھوڑے سے سویا ساس کے ساتھ تیز آنچ پر ہلکا سا فرائی کیا جاتا ہے۔

ناشپاتی کی قدرتی مٹھاس جھینگوں کے نمکین ذائقے کے ساتھ مل کر ایک متوازن اور خوشگوار ذائقہ پیدا کرتی ہے، جبکہ ادرک خوشبو اور ہلکی سی تیزی شامل کرتی ہے۔

یہ ڈش نہ صرف ذائقے میں لذیذ ہوتی ہے بلکہ ہضم میں بھی ہلکی سمجھی جاتی ہے، اسی لیے اسے عام طور پر کھانے کے ساتھ سائیڈ ڈش کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔

ناشپاتی اور چکن سوپ

ناشپاتی چکن سوپ ایک غذائیت سے بھرپور اور شفا بخش سوپ سمجھا جاتا ہے، جو خاص طور پر سردیوں میں یا نزلہ زکام کے دوران پیا جاتا ہے۔

اس سوپ کی تیاری میں چکن کے ٹکڑوں، ناشپاتی کے قتلے، ادرک اور مخصوص چینی جڑی بوٹیوں کو چکن اسٹاک میں دھیمی آنچ پر پکایا جاتا ہے۔ ناشپاتی اس سوپ میں قدرتی مٹھاس اور نمی فراہم کرتی ہے، جبکہ ادرک جسم کو گرم رکھنے اور سوزش کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔

چینی جڑی بوٹیاں اس کی افادیت میں مزید اضافہ کرتی ہیں، جس سے یہ سوپ سانس کی نالی کو آرام پہنچانے، کھانسی میں کمی اور مجموعی طور پر قوتِ مدافعت مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ یہ ہلکا، خوش ذائقہ اور صحت بخش سوپ جسم کو توانائی بھی فراہم کرتا ہے۔

اُبلا ہوا ناشپاتی نہ صرف ایک سادہ گھریلو نسخہ ہے بلکہ صدیوں پرانی ا نزلہ زکام کی ابتدا میں یہ قدرتی علاج جسم کو بیماری سے محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

More

Comments
1000 characters