پاکستانی ٹی وی کی معروف اور خوبصورت اداکارہ لائبہ خان کی اپنے شوہر کے ساتھ ہلدی ایونٹ کی تصاویر منظرعام پر آگئی ہیں۔

لائبہ خان ان دنوں اپنی شادی کی تقریبات کی وجہ سے سوشل میڈیا پر خوب دھوم مچا رہی ہیں۔

شادی کے مختلف فنکشنز کی تصاویر اور ویڈیوز وہ پہلے ہی مداحوں کے ساتھ شیئر کرچکی ہیں، جن میں نکاح، ڈھولکی، دعائے خیر، برائیڈل شاور اور اب ہلدی (اُبٹن) کی تقریب شامل ہے۔

حال ہی میں اداکارہ نے ہلدی ایونٹ کی تصاویر اپنے شوہر جواد کے ساتھ شیئر کیں جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر وائرل ہو گئیں۔

تصاویر میں لائبہ خان اور ان کے شوہر کو خوشگوار موڈ میں ایک دوسرے کو ہلدی لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ایک تصویر میں لائبہ خان کرسی پر پاؤں رکھ کر منفرد اور دلکش انداز میں پوز دیتی نظر آ رہی ہیں۔

ایک اور تصویر میں ان کی بہن ایمان خان بھی موجود ہیں۔

ہلدی کی تقریب کے لیے لائبہ خان نے اورنج رنگ کا خوبصورت سلک غرارہ زیب تن کیا، جس پر دیدہ زیب دبکا اور تِلہ کا کام کیا گیا تھا۔ انہوں نے مختصر شرٹ، نفیس دوپٹہ اور روایتی سنہری زیورات کے ساتھ اپنا لک مکمل کیا۔

دوسری جانب، ان کے شوہر جواد نے کریم اور آف وائٹ رنگ کے کُرتا پاجامے کے ساتھ اس سے میچ کرتا ہلکے رنگ کا کوٹ پہن رکھا تھا۔

لائبہ خان نے اس موقع پر پہلی مرتبہ اپنے شوہر کے چہرے کی پہلی واضح جھلک بھی مداحوں کو دکھائی اور تصاویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا، ’

“اب خوش ؟ ماشااللہ کہیے پلیز۔“

اداکارہ نے تصاویر کے ساتھ ساتھ ہلدی ایونٹ کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں انہیں تقریب کے لیے تیار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل لائبہ خان نے نکاح کی تصاویر شیئر کی تھیں، جن میں انہوں نے شوہر کا چہرہ ایموجیز کے ذریعے چھپایا تھا، جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید بھی کی گئی۔

کچھ صارفین نے تنقید کرتے ہوئے تبصرے کیے، جبکہ بعض نے مذاق میں کہا کہ لائبہ خان کی جوڑی اداکار علی انصاری کے ساتھ زیادہ اچھی لگتی ہے۔

تاہم اب شوہر کے چہرے کے سامنے آنے کے بعد مداحوں کی بڑی تعداد کی جانب سے لائبہ خان اور ان کے شوہر کے لیے نیک تمناؤں اور مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔

More

Comments
1000 characters