بولی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان کی محبت کی کہانی ہمیشہ سے مداحوں کے لیے خاص رہی ہے، مگر اب اس رومانوی قصے سے جڑا ایک ایسا راز سامنے آیا ہے جس نے سب کو حیران کر دیا ہے۔
حال ہی میں 90 کی دہائی کی معروف اداکارہ نیلم نے انکشاف کیا کہ شاہ رخ اور گوری کے قریب لانے میں ان کا بھی ایک انوکھا کردار رہا ہے۔
یہ انکشاف مشہور سنگنگ ریئلٹی شو انڈین آئیڈل کے اسپیشل ”سیزن آف لو“ ایپی سوڈ کے دوران سامنے آیا، جہاں اداکارہ نیلم مہمان کے طور پر شریک تھیں۔

شو میں انہوں نے اپنی زندگی سے جڑی یادوں کے ساتھ ایک خوبصورت قصہ بھی شیئر کیا۔ ان کے مطابق، کچھ عرصہ پہلے خود شاہ رخ خان نے مسکراتے ہوئے انہیں ایک پرانی بات یاد دلائی تھی۔
اداکارہ نے بتایا کہ شاہ رخ نے مسکراتے ہوئے کہا تھا کہ، ’تم جانتی ہو میری اور گوری کی شادی کی ایک وجہ تم بھی ہو۔‘
اس بات کی وضاحت کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ اپنے فلمی کیریئر کے عروج کے دنوں میں شاہ رخ خان اور گوری دونوں ہی ان کے زبردست مداح تھے۔ وہ اکثر ایک ساتھ ان کی فلمیں دیکھنے جایا کرتے تھے۔ یہی وہ لمحات تھے جب دونوں کے درمیان دوستی بڑھی، بات چیت کا سلسلہ شروع ہوا اور آہستہ آہستہ یہ تعلق محبت میں بدل گیا۔
اداکارہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ انہیں اس وقت اس بات کا بالکل اندازہ نہیں تھا کہ ان کی فلمیں کسی کی زندگی کی محبت کی بنیاد بن رہی ہیں۔ بعد میں جب شاہ رخ نے انہیں یہ قصہ سنایا تو وہ خود بھی حیران رہ گئیں۔
واضح رہے کہ اداکارہ نیلم 80 اور 90 کی دہائی میں رومانوی اور فیملی ڈراما فلموں کی ایک کامیاب چہرہ رہی ہیں۔ گووندا کے ساتھ ان کی جوڑی کو خاص طور پر بے حد پسند کیا گیا اور کئی فلمیں باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئیں۔
حالیہ برسوں میں وہ او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر بھی نظر آ چکی ہیں اور اب جلد ہی ایک کوئز ریئلٹی شو میں اپنی قریبی دوستوں کے ساتھ ایک خاص انداز میں نظر آئیں گی۔
























