دہلی ہائی کورٹ نے سابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) افسر سمیر وانکھیڑے کو شاہ رخ خان کے صاحبزادے اور ہدایتکار آریان خان کی ویب سیریز کے خلاف دائر ہتکِ عزت کا مقدمہ ممبئی کی عدالت منتقل کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ اس کیس کی سماعت کا علاقائی اختیار دہلی عدالت کے پاس موجود نہیں، جس کے باعث وانکھیڑے کو ممبئی کی متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی آزادی دی گئی ہے۔

اس حوالے سے عدالت نے دونوں فریقین کو 12 فروری کو ممبئی کی سٹی سول اینڈ سیشنز کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

یہ مقدمہ دراصل نیٹ فلکس پر نشر ہونے والی ویب سیریز ’دی بیڈز آف بولی ووڈ‘ سے متعلق ہے، جسے شاہ رخ خان کی پروڈکشن کمپنی ریڈ چِلّیز انٹرٹینمنٹ نے پروڈیوس کیا ہے اور اس کی ہدایتکاری آریان خان نے کی ہے۔

سمیر وانکھیڑے نے دعویٰ کیا ہے کہ سیریز کی پہلی قسط میں دکھایا گیا ایک کرداران سے ملتا جلتا ہے، جو ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

وانکھیڑے کے مطابق اس کردار کی شکل و صورت، رویہ، اندازِ گفتگو اور باڈی لینگویج ان سے مشابہ ہے، جبکہ میڈیا رپورٹس میں بھی اس کردار کو براہِ راست ان سے جوڑا گیا، خاص طور پر آریان خان منشیات کیس کے تناظر میں۔

انہوں نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ متنازع مناظر کو ہٹایا جائے یا ان پر پابندی عائد کی جائے، کیونکہ اس کردار کشی سے ان کی عزت، وقار اور پیشہ ورانہ ساکھ متاثر ہوئی ہے۔

عدالت کو بتایا گیا کہ سمیر وانکھیڑے ممبئی کے رہائشی ہیں جبکہ ریڈ چِلّیز انٹرٹینمنٹ کا رجسٹرڈ دفتر بھی ممبئی میں واقع ہے، اس لیے یہ کیس ممبئی کی عدالت میں ہی دائر کیا جانا چاہیے تھا۔

فریقِ مخالف کی جانب سے یہ مؤقف بھی اختیار کیا گیا کہ مذکورہ ویب سیریز ایک فرضی اور طنزیہ تخلیق ہے اور اس کا تعلق کورڈیلیا کروز ریڈ سے نہیں۔

واضح رہے کہ 2021 میں سمیر وانکھیڑے نے این سی بی کے زونل ڈائریکٹر کی حیثیت سے آریان خان کو منشیات کیس میں گرفتار کیا تھا، تاہم بعد ازاں آریان خان کو الزامات سے بری کر دیا گیا تھا۔

حالیہ تنازع کے بعد اس ویب سیریز نے عوامی اور قانونی سطح پر خاصی توجہ حاصل کر لی ہے اور اب یہ معاملہ ممبئی کی عدالت میں آگے بڑھے گا۔

More

Comments
1000 characters