بولی ووڈ کے مشہور اداکار سنیل شیٹی نے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان متوقع مقابلے کے حوالے سے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں دونوں ٹیمیں سری لنکا میں آکر ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلیں۔
سنئیل شیٹی کرکٹ کے بڑے مداح سمجھے جاتے ہیں اور انہیں اکثر ممبئی میں کھیلے جانے والے میچز میں دیکھا جاتا ہے۔ ذاتی زندگی میں بھی ان کا کرکٹ سے نمایاں تعلق ہے کیونکہ وہ بھارتی کرکٹر کے ایل راہول کے سسر ہیں۔
ایک تقریب کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سنیل شیٹی سے سوال کیا گیا کہ اگر پاکستان ٹیم بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلتی تو وہ اس صورتحال کو کیسے دیکھتے ہیں۔
اس پر اداکار نے جواب دیا کہ میں چاہوں گا کہ پاکستان سری لنکا آ کر بھارت کے خلاف میچ کھیلے، کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کی رقابت بہت اچھی ہے۔
سنیل شیٹی نے پاک بھارت کرکٹ میچز کا موازنہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی جانے والی ایشیز سیریز سے کرتے ہوئے کہا کہ جیسے ایشیز کرکٹ کی پہچان ہے، ویسے ہی پاکستان اور بھارت کا مقابلہ بھی کھیل کا حسن سمجھا جاتا ہے۔
دوسری جانب سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے اس معاملے پر محتاط مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام افراد اور معروف شخصیات کو ملکی پالیسی کے معاملے میں غیر ضروری بیانات سے گریز کرنا چاہیے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں کپل دیو کا کہنا تھا کہ جب نمایاں شخصیات اختلافی بیانات دیتی ہیں تو اس سے عوام میں کنفیوژن پیدا ہو سکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بہتر یہی ہے کہ حکومت اور کرکٹ بورڈ کے فیصلوں کے ساتھ کھڑا ہوا جائے، وقت خود ثابت کر دے گا کہ فیصلہ درست تھا یا نہیں۔
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے آئی پی ایل میں مستفیض الرحمان کو باہر کیے جانے کے بعد بنگلادیش نے بھارت میں ورلڈ کپ کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔
پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا فیصلہ بنگلادیش سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر سامنے آیا ہے، جب پاکستان نے بھی بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا اعلان کیا۔
سری لنکا کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے اپنے فیصلے پر نظرِ ثانی کی درخواست کی ہے کیونکہ اس میچ کی منسوخی سے مالی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اس تمام صورتحال کے باوجود سری لنکن سیکیورٹی ادارے ممکنہ میچ کے پیش نظر انتظامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔
























