بولی ووڈ کے معروف اداکار ابھیشیک بچن نے مصنوعی ذہانت کے حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔
نئی دہلی میں منعقدہ ایٹ ناو گلوبل بزنس سمٹ ( جی بی ایس) 2026 میں شرکت کے دوران ابیشیک بچن نے اعتراف کیا کہ وہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے خوفزدہ ہیں۔
اداکار نے کہا کہ اے آئی ان کے لیے پریشان کن ہو سکتی ہے اور اس کا غلط استعمال اداکاروں کے کیریئر کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
ابھیشک بچن نے کہا، ’اے آئی سے ہر اداکار کو محتاط رہنا چاہیے۔ تخلیقی میدان میں اےآئی بہت سی چیزوں میں انقلاب لانے والی ہے۔ اگر ذمہ داری سے استعمال نہ کی جائے تو یہ اداکار کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ البتہ فلم سازی کے پس منظر میں یہ اینیمیشن، اسپیشل ایفیکٹس اور دیگر کاموں میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے اور بہت سے کام کے اوقات اور بجٹ کو کم کر سکتی ہے۔‘
اداکار نے مزید کہا، ’تخلیقی نقطہ نظر سے، میں نے کئی اےآئی سے تیار شدہ پروڈکٹس دیکھے ہیں، جو شاندار ہیں، لیکن ان میں روح نہیں ہے۔ انسان سے ہونے والی خامیاں اور جذبات کی کمی واضح ہے۔‘
ابھیشک کا کہنا تھا، ’میڈیکل اور قانونی شعبوں میں اے ائی بہت زیادہ تبدیلیاں لانے والی ہے۔ جہاں تک فلم اور تخلیقی صنعت کا تعلق ہے، میں ابھی یہ فیصلہ نہیں کر سکتا کہ یہ فائدہ مند ہوگی یا نہیں۔ میں اے آئی کے پورے منظرنامے کو مکمل طور پر نہیں سمجھتا، اس لیے مجھے اس میں بہت آرام دہ محسوس نہیں ہوتا، البتہ میں اس کے بارے میں پڑھتا اور سیکھتا رہتا ہوں۔’
حال ہی میں سوشل میڈیا پر اے آئی کی کئی تخلیقات وائرل ہوئیں۔ ان میں ابھیشک بچن کے مداحوں نے انہیں اےآئی کے ذریعے ایک اینیمیٹڈ ویڈیو میں دکھایا۔
کام کے محاذ پر، ابھیشک بچن اگلی بار شاہ رخ خان کی فلم ’کنگ‘ میں ولن کے کردار میں نظر آئیں گے۔ اس فلم کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند کر رہے ہیں اور فلم میں ارشد وارثی، دیپیکا پڈوکون، رانی مکھڑجی شامل ہیں۔
فلم کی شوٹنگ جاری ہے اور یہ 24 دسمبر 2026 کو ریلیز ہوگی۔
























