پاکستان کے معروف ڈیجیٹل کریئیٹر رجب بٹ ایک بار پھر اپنی نجی زندگی کے باعث خبروں میں ہیں۔ حالیہ دنوں میں ان کی شادی اور طلاق کا موضوع سوشل میڈیا پر کافی سرگرم رہا۔
دو روز قبل رجب بٹ نے ایک شو میں اپنی طلاق کے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے اس رشتے کوختم کرنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ اب اس رشتے کو بچانے کی کوشش نہیں کریں گے۔ جس کے بعد انہوں نے اپنی اہلیہ ایمان بٹ کو طلاق کا باضابطہ قانونی نوٹس بھی بھجوا دیا۔
ایمان بٹ نے گزشتہ رات اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک جذباتی اسٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے طلاق کے کاغذات دکھاتے ہوئے بتایا کہ علیحدگی کے بعد وہ اور ان کا بیٹا کیوان مشکل وقت سے گزر رہے ہیں۔ ان کے اس بیان کے بعد معاملہ مزید زیر بحث آگیا۔

اس کے جواب میں رجب بٹ نے چند ویڈیوز جاری کیں جن میں انہوں نے کہا کہ وہ اس رشتے کو باوقار طریقے سے ختم کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شادی کے معاملات کو سوشل میڈیا پر لانا ان کی غلطی تھی اور یہ مسائل قانونی طریقے سے حل ہونے چاہئیں تھے۔
رجب بٹ نے مزید کہا کہ اگر کوئی رشتہ درست طریقے سے نہیں چل رہا تو قانون اور مذہب دونوں ہی اس بات کی اجازت دیتے ہیں کہ اسے عزت کے ساتھ ختم کر دیا جائے۔ ان کے مطابق دونوں فریقوں نے سوشل میڈیا پر بات کر کے غلطی کی۔
انہوں نے ایمان بٹ کی انسٹاگرام اسٹوری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر بات کرنے کے بجائے براہ راست بات چیت کی جا سکتی تھی۔ مجھے یا میرے گھر والوں کو ایک میسیج ہی کردیا ہوتا تو بہتر رہتا۔
ان کے مطابق اس طرح کی پوسٹس سے صرف لوگوں کی ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش کی گئی۔
رجب بٹ نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ اب اپنی ذاتی زندگی یا طلاق کے معاملے پر مزید سوشل میڈیا پر بات نہیں کریں گے اور ایمان کی فیملی جسے چاہے انٹرویو دے یا ان کے خلاف بیانات دے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شریعت کے مطابق پہلا نوٹس بھیجا جا چکا ہے اور باقی قانونی مراحل وقت کے ساتھ مکمل کیے جائیں گے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں کی بڑی تعداد دونوں کو مشورہ دے رہی ہے کہ وہ اپنے بیٹے کی خاطر معاملات کو آپس میں بیٹھ کر حل کرنے کی کوشش کریں۔
























