پاکستانی فلم، ٹی وی اور اسٹیج کے معروف سینئر اداکار عاصم بخاری طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 76 برس تھی۔
خاندانی ذرائع کے مطابق عاصم بخاری گزشتہ کئی روز سے علیل تھے اور لاہور کے ایک اسپتال میں زیرعلاج تھے۔ طبیعت زیادہ بگڑنے پر وہ گزشتہ رات کومے میں چلے گئے تھے، جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مرحوم اداکار کچھ عرصے سے دل اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور گزشتہ پندرہ روز سے ان کا اسپتال میں علاج جاری تھا۔
عاصم بخاری نے اپنے طویل فنی کیریئر میں متعدد ٹی وی ڈراموں، فلموں اور اسٹیج ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
شوبز حلقوں میں انہیں ایک تجربہ کار فنکار اور اداکاری کے استاد کے طور پر بھی جانا جاتا تھا۔ انہوں نے کئی نئے فنکاروں کی رہنمائی کی اور ان کی تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔
ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی شوبز انڈسٹری میں افسوس کی لہر دوڑ گئی۔ مختلف اداکاروں اور مداحوں نے سوشل میڈیا پر ان کی فنی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
























