آسکر ایوارڈز کی لائیو تقریب میں ہالی وُڈ کے نامور اداکار جیویئر بارڈیم نے ایک طاقتور پیغام دیا، انہوں نے اسٹیج پر پریانکا چوپڑا کی موجودگی میں فلسطین کے حق میں آواز بلند کی اور عالمی امن کی اپیل کی۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے لباس پر ”نو ٹو وار“ کا پن بھی لگایا ہوا تھا، جس نے نہ صرف شرکا بلکہ دنیا بھر کی توجہ حاصل کرلی۔
امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں منعقد ہونے والی آسکر ایوارڈز کی رنگا رنگ تقریب میں اس بار فلمی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ عالمی سیاست اور جنگوں کا موضوع بہت نمایاں رہا، جہاں متعدد فنکاروں نے غزہ اور ایران میں جاری تنازعات کے خاتمے اور امن کے قیام کی اپیل کی۔
تقریب کے دوران ہالی ووڈ کے کئی اداکاروں اور فلم سازوں نے ریڈ کارپٹ کو عالمی توجہ حاصل کرنے کے لیے استعمال کرتے ہوئے جنگ کی انسانی قیمت اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بات کی اورغزہ اورایران میں جنگ کےخاتمے کا مطالبہ کیا۔
ہسپانوی اداکار جیویئر بارڈیم اس حوالے سے خاص طور پر توجہ کا مرکز بنے، جو تقریب میں اپنے لباس پر ”نو ٹو وار“ اور ”فری فلسطین“ کے پن لگائے نظر آئے۔ انہوں نے تقریب کے دوران اسٹیج پر بھی جنگ کے خاتمے اور فلسطین کے لیے آزادی کی حمایت میں آواز اٹھائی۔

وہ بولی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کے ہمراہ اسٹیج پر آئے جہاں دونوں نے بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کا ایوارڈ پیش کیا اور بارڈیم نےاپنے پیغام میں کہا کہ جنگ کے خلاف آواز بلند ہونی چاہیے اور فلسطین کے لیے آزادی ہونی چاہیے۔ ان کے اس بیان پر ہال میں موجود شرکا نے تالیاں بجا کر ردعمل دیا جبکہ پریانکا چوپڑا نے بھی ان کی بات کی تائید میں سر ہلایا۔
بارڈیم نے ریڈ کارپٹ پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کا اظہار کیا اور جنگ کے مخالف اور امن کے لیے پیغام دیا، جس نے میڈیا اور شائقین کی خاص توجہ حاصل کی۔
تقریب کے میزبان کونن اوبرائن نے اپنے ابتدائی خطاب میں بھی موجودہ عالمی حالات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا مشکل اور خوفناک دور سے گزر رہی ہے، تاہم امید اور بہتر مستقبل کے لیے کوشش جاری رکھنا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ ہالی ووڈ کی سب سے بڑی اور شاندار تقریب اس وقت منعقد ہوئی جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور جنگ کے خدشات کے باعث سکیورٹی انتہائی سخت رکھی گئی تھی، اور ایوارڈز کی میزبانی کے دوران حفاظتی انتظامات کو غیر معمولی طور پر مؤثر بنایا گیا تھا۔
























