پاکستانی شوبز انڈسٹری کی اُبھرتی ہوئی خوبرو اداکارہ عینا آصف نے حال ہی میں سینئر اداکاروں کے رویّوں سے متعلق چند چونکا دینے والے انکشافات کیے ہیں۔

’مائی ری‘ سے شہرت پانے والی عینا آصف کم عمری کے باوجود اپنی جاندار اداکاری اور پُراعتماد اندازِ گفتگو کی وجہ سے ڈرامہ انڈسٹری میں ایک نمایاں مقام حاصل کر چکی ہیں۔ انہوں نے اب تک کئی بڑے فنکاروں کے ساتھ کام کیا ہے، جن میں نعمان اعجاز اور سویرا ندیم جیسے نام شامل ہیں۔

حال ہی میں عینا آصف نے نجی چینل کے ایک شو میں انڈسٹری کے ان تاریک پہلوؤں پر روشنی ڈالی جن کا سامنا اکثر نئے اداکاروں کو کرنا پڑتا ہے۔

اداکارہ نے کسی کا نام لیے بغیر بتایا کہ کیریئر کے دوران انہیں کئی بار ایسے تجربات ہوئے جہاں بڑے ناموں نے ان کے کام کو متاثر کرنے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ بعض سینئر فنکار سیٹ پر غیر ضروری نخرے دکھاتے ہیں اور محض اپنی برتری ثابت کرنے کے لیے جونیئرز کو ذہنی دباؤ کا شکار کرتے ہیں۔

عینا کے مطابق شوٹنگ کے دوران بعض سینئر اداکار غیر ضروری ردعمل دیتے ہیں یا پھر جان بوجھ کر میرے اہم سین کے دوران سیٹ چھوڑ کر چلے جاتے ہیں یا ایسی حرکتیں کرتے ہیں جس سے میری توجہ بٹ جائے اور وہ سارا ’لائم لائٹ‘ خود سمیٹ سکیں۔’

ان کا کہنا تھا کہ ایسے حالات میں انہیں کافی مشکل کا سامنا کرنا پڑا، مگر انہوں نے ان تجربات سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ اب وہ ان منفی رویوں سے پریشان ہونے کے بجائے انہیں ایک سبق کے طور پر دیکھتی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ رویّے اکثر اُن لوگوں کی جانب سے سامنے آتے ہیں جو پہلے ہی انڈسٹری میں کامیاب اور مستحکم مقام رکھتے ہیں، لیکن اس کے باوجود وہ نئے ٹیلنٹ کو آگے بڑھنے سے روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔

More

Comments
1000 characters