فلسطین نژاد امریکی سپر ماڈل گیگی حدید نے انسٹا گرام پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ جیفری ایپسٹین سے متعلق جاری دستاویزات میں اپنے نام کا ذکر ان کے لیے انتہائی پریشان کن ہے اور انہوں نے واضح کیا کہ ان کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گیگی حدید اور ان کی بہن بیلا حدید کا ذکر دسمبر 2015 کی ایک ای میل گفتگو میں سامنے آیا، جو ایپسٹین اور ایک نامعلوم فرد کے درمیان ہوئی تھی۔ اس ای میل میں نامعلوم شخص نے حدید بہنوں کی کامیابی پر سوال اٹھاتے ہوئے ان کے ماڈل بننے اور زیادہ کمائی کرنے کی وجوہات پوچھی تھیں۔
ایپسٹین نے اس سوال کا مختصر جواب دیا، جب کہ گفتگو میں یہ دعویٰ بھی سامنے آیا کہ ان کے والد نے ایجنسی کو ادائیگی کی، جس کی ایپسٹین نے تردید کی اور کہا کہ ان کی کامیابی کی وجہ ہدایات پر عمل کرنا ہے۔

یہ ای میلز ان لاکھوں دستاویزات کا حصہ ہیں جو رواں سال امریکی محکمۂ انصاف نے اپنی تحقیقات کے سلسلے میں جاری کیں۔ یاد رہے کہ ایپسٹین 2019 میں جنسی اسمگلنگ کے الزامات کے دوران جیل میں ہلاک ہو گیا تھا۔

گیگی حدید نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک مداح کے تبصرے کے جواب میں اس معاملے پر وضاحت دی۔ انہوں نے کہا کہ اس ای میل کو پڑھ کر انہیں شدید ناگواری محسوس ہوئی کیونکہ ایک ایسا شخص، جس سے وہ کبھی نہیں ملیں، ان کے بارے میں اس انداز میں بات کر رہا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس لیے خاموش رہیں تاکہ حقیقی متاثرین کی کہانیوں سے توجہ نہ ہٹے، تاہم اب وضاحت ضروری سمجھتی ہیں۔ گیگی نے تسلیم کیا کہ وہ ایک مراعات یافتہ پس منظر میں پلی بڑھیں اور ان کے والدین، یولانڈا حدید اور محمد حدید، نے انہیں ماڈلنگ ایجنسیوں تک رسائی دلانے میں مدد دی، مگر انہوں نے اپنی کامیابی کے لیے مسلسل محنت کی۔

اپنے بیان کے اختتام پر انہوں نے واضح کیا کہ ایپسٹین فائلز میں نام آنا ان کے لیے نہایت تشویش ناک ہے اور وہ اس بات کی دوٹوک تردید کرتی ہیں کہ ان کا اس شخص سے کبھی کوئی تعلق رہا ہو۔

More

Comments
1000 characters