گرمیوں کے موسم میں ایئر کنڈیشنر کا استعمال عام ہوجاتا ہے، لیکن اکثر لوگ اسے صحیح طریقے سے چلانا نہیں جانتے اور مہینے کے آخر میں بجلی کا بل دیکھ کر سر پکڑلیتے ہیں۔

عام طور پر لوگ کمرے کو فوراً ٹھنڈا کرنے کے چکر میں اے سی کو 16 ڈگری سیلسیس پر سیٹ کر دیتے ہیں۔ تکنیکی ماہرین کے مطابق یہ ایک غلط طریقہ ہے۔ ایسا کرنا نہ صرف بجلی کے بل میں اضافہ کرتا ہے بلکہ اے سی کی مشین کے پرزوں پر بھی زیادہ دباؤ ڈال دیتا ہے۔

اے سی کو 24 ڈگری سیلسیس پر چلانا سب سے زیادہ متوازن اور بہترین انتخاب ہے، جو جسمانی صحت کے لیے بھی محفوظ ہے۔

جب آپ اے سی کو 24 ڈگری پر سیٹ کرتے ہیں، تو کمپریسر کو کم محنت کرنی پڑتی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق درجہ حرارت میں ہر ایک ڈگری کے اضافے سے آپ تقریباً 6 فیصد تک بجلی بچا سکتے ہیں۔

جب اے سی کو 16 ڈگری پر چلایا جاتا ہے تو مشین کو کمرے کو اس حد تک ٹھنڈا کرنے کے لیے زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے جس سے کمپریسر پر مسلسل بوجھ رہتا ہے۔ ساتھ ہی توانائی کی کھپت بڑھ جاتی ہے اور اس کے جلد خراب ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔ 24 ڈگری پر مشین وقفے وقفے سے آرام کرتی ہے، جس سے اس کی کارکردگی برقرار رہتی ہے۔

مزید یہ کہ زیادہ تر جدید اے سی میں ایکو موڈ یا سیور موڈ کا فیچر موجود ہوتا ہے، جو خود بخود درجہ حرارت کو تقریباً 24 ڈگری سیلسیس پر برقرار رکھتا ہے۔ یہ نہ صرف بجلی کی بچت کرتا ہے بلکہ کمرے میں یکساں ٹھنڈک فراہم کرتا ہے اور جسم کو کسی قسم کا جھٹکا نہیں لگتا۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ انسانی جسم کے لیے 24 سے 26 ڈگری کا درجہ حرارت سب سے زیادہ آرام دہ ہوتا ہے۔ بہت زیادہ ٹھنڈک سر درد، جوڑوں کے درد اور نزلہ زکام کا باعث بن سکتی ہے۔

بجلی بچانے کے اضافی اسمارٹ طریقے

اے سی کے ساتھ ہلکی رفتار پر چھت والا پنکھا چلانے سے ٹھنڈی ہوا پورے کمرے میں تیزی سے پھیلتی ہے۔ اس طرح آپ کو کم درجہ حرارت پر بھی زیادہ ٹھنڈک کا احساس ہوتا ہے۔

اس بات کو یقینی بنائیں کہ کمرے کے دروازے اور کھڑکیاں اچھی طرح بند ہوں اور کہیں سے بھی ہوا کا اخراج نہ ہو رہا ہو۔ کھڑکیوں پر موٹے پردے ڈالنے سے سورج کی تپش اندر نہیں آتی اور اے سی جلدی کولنگ کر لیتا ہے۔

اگر اے سی کے فلٹر گندے ہوں تو اسے ٹھنڈک پیدا کرنے کے لیے زیادہ بجلی صرف کرنی پڑتی ہے۔ ہر 15 دن بعد فلٹر خود صاف کریں اور سیزن کے شروع میں ماہر ٹیکنیشن سے سروس کروائیں۔

اگر آپ چاہتے ہیں کہ گرمی میں راحت بھی ملے اور بجلی کا بل بھی کنٹرول میں رہے تو آج ہی سے اپنے اے سی کو 24 ڈگری پر سیٹ کرنے کی عادت ڈالیں۔ یہ آپ کی صحت، بجلی کے بل اور ماحول، سب کے لیے بہترین ہے۔

More

Comments
1000 characters