دنیا بھر میں کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے ہالی ووڈ کے مشہور ترین خفیہ ایجنٹ جیمز بانڈ کے مداحوں کا طویل انتظار اب ختم ہونے کو ہے کیونکہ نئے جیمز بانڈ کی تلاش کے لیے آڈیشنز کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ تاہم کمپنی نے ابھی کسی نام یا تفصیلات کی تصدیق نہیں کی۔

ایمیزون ایم جی ایم اسٹوڈیو کی جانب سے جاری کردہ ایک مختصر بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ اس مشہور ترین فلمی سلسلے کی اگلی قسط کے لیے نئے مرکزی کردار کی تلاش شروع ہو چکی ہے۔

اسٹوڈیوز نے اپنے آن لائن بیان میں کہا کہ اگلے جیمز بانڈ کی تلاش کا عمل جاری ہے اور کاسٹنگ کا کام ابھی شروع ہوا ہے۔

اسٹوڈیوز کا مزید کہنا تھا کہ آڈیشنز کے دوران وہ کسی قسم کی مخصوص تفصیلات ظاہر نہیں کریں گے لیکن جیسے ہی مناسب وقت آئے گا، وہ زیرو زیرو سیون کے مداحوں کے ساتھ مزید دلچسپ خبریں شیئر کرنے کے لیے بے حد پرجوش ہیں۔

ہالی ووڈ کے اس سب سے مشہور جاسوس کا سوٹ پہننے اور اس کی معروف کار چلانے والے اداکار کے نام کے بارے میں گزشتہ کئی سالوں سے قیاس آرائیاں عروج پر ہیں۔

جب سے ڈینئیل کریگ نے 2021 کی فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائی‘ کے بعد جیمز بانڈ کے کردار کو الوداع کہا ہے، تب سے مداح نئے چہرے کا انتظار کر رہے ہیں۔

اب تک انفرادی طور پر ادریس ایلبا، ہنری کیول اور سلیان مرفی جیسے بڑے ناموں کو ڈینئیل کریگ کے ممکنہ جانشین کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ ان کے علاوہ برطانوی اداکاروں کالم ٹرنر، آرون ٹیلر جانسن، ہیرس ڈکنسن اور آسٹریلوی اسٹار جیکب ایلورڈی کے ناموں کی افواہیں بھی گرم ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس بار اسٹوڈیوز نے اشارہ دیا ہے کہ جیمز بانڈ کا نیا کردار کوئی مرد یا شاید کوئی خاتون بھی ہو سکتی ہے۔

فلمی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو مشہور مصنف ایان فلیمنگ کے ناولوں پر مبنی جئمز بانڈ کے کردار کو سب سے پہلے 1962 میں شان کانری نے فلم ’ڈاکٹر نو‘ میں نبھایا تھا۔

ان کے بعد جارج لازنبی، روجر مور، ٹموتھی ڈالٹن، پیئرس بروسنن اور حال ہی میں ڈینئیل کریگ جیمز بانڈ کے جادوئی کردار میں نظر آئے۔ اب دنیا کی نظریں اس اعلان پر ہیں کہ اگلا جیمز بانڈ آخر کون بنے گا۔

گزشتہ سال ہی اس فلمی سلسلے کا تخلیقی کنٹرول پرانے پروڈیوسرز مائیکل جی ولسن اور باربرا بروکولی سے ایمیزون ایم جی ایم اسٹوڈیوز کے پاس منتقل ہوا ہے۔

اگرچہ نئی فلم کا نام اور اس کے مرکزی اداکار کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے، لیکن دیگر اہم تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔

اس نئی فلم کی ہدایات آسکر نامزد ڈائریکٹر ڈینس ولینیو دیں گے جو ڈیون اور بلیڈ رنر ٹو زیرو فور نائن جیسی سپر ہٹ فلمیں بنانے کے لیے مشہور ہیں، جبکہ فلم کی کہانی پیکر بلائنڈرز کے مصنف اسٹیون نائٹ لکھ رہے ہیں۔

More

Comments
1000 characters