مشہور اداکار دیو آنند کے بیٹے انتقال کر گئے
ہندی سنیما کے ماضی کے مشہوراداکار دیو آنند اور اداکارہ کلپنا کارتک کے بیٹے، فلم ساز اور اداکار سنیل آنند منگل کے روز برطانیہ میں انتقال کرگئے۔ ان کی عمر 70 سال تھی۔ ان کے اہل خانہ نے منگل کے روز ان کی وفات کی تصدیق کی ہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق سنیل آنند امریکہ سے ہندوستان واپس آ رہے تھے کہ سفر کے دوران لندن میں انہیں دل کا دورہ پڑا۔ انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی معائنے کے بعد ان کے علاج کے لیے اسٹنٹ ڈالنے کا فیصلہ کیا۔ تاہم، طبی عملے کی کوششوں سے پہلے ہی انہیں دوسرا دل کا دورہ پڑا، جس کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکے۔
ایک دردناک اور افسوسناک اتفاق یہ بھی ہے کہ انہوں نے اسی ہسپتال میں آخری سانس لی جہاں کئی برس قبل ان کے والد دیو آنند کا بھی انتقال ہوا تھا۔
ان کی بھتیجی جینا نارنگ نے خاندان کی طرف سے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ”ہمارا خاندان انتہائی دکھی دل کے ساتھ سنیل آنند کی وفات کا سوگ منا رہا ہے۔ ہمیں اس مشکل وقت میں ملنے والی محبت، دعاؤں اور ہمدردی سے حوصلہ ملا ہے جس کے لیے ہم سب کے شکر گزار ہیں۔ ہم اس دکھ کے گھڑی میں لوگوں سے ہماری تنہائی اور پرائیویسی کا احترام کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔“
سنیل آنند 30 جون کو اپنی 70ویں سالگرہ منا چکے تھے۔ انہوں نے اپنے فلمی سفر کا آغاز 1984 میں فلم ’آنند اور آنند‘ سے کیا تھا جس کی ہدایت کاری ان کے والد دیو آنند نے کی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے ’کار تھیف‘، ’میں تیرے لیے‘ اور ’ماسٹر‘ جیسی فلموں میں کام کیا۔
سنیل آنند نے نہ صرف اداکاری کی بلکہ اپنے والد کے فلمی ورثے کو سنبھالنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ انہوں نے اپنی زندگی کے تقریباً 40 سال اپنے والد کے ساتھ گزارے، ان کی صحت، مصروفیات اور خاندانی پروڈکشن ہاؤس ”نوکیتن فلمز“ کے معاملات کی دیکھ بھال کی۔
سنیل آنند نے اس موقع پر یہ بھی بتایا تھا کہ 2008 میں انہوں نے اپنے والد کی کلاسک فلم ”گائیڈ“ کو کانز فلم فیسٹیول میں پیش کرنے کے انتظامات کیے تھے۔
فلم سازی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے اپنے والد کی یاد میں ایک بڑی فلم بنانے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا، ”یہ ایک بہت بڑی فلم ہوگی جو میں اپنے والد کے نام کروں گا۔ میں اسے بناؤں گا اور اس کی ہدایت کاری کروں گا۔ کام یوں ہی چلتا رہے گا اور میں اپنے والد کے نام اور ان کی پہچان کو آگے بڑھاتا رہوں گا۔“
سنیل آنند کے انتقال کی خبر کے بعد بھارتی فلمی حلقوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مداح اور شوبز شخصیات سوشل میڈیا پر ان کے لیے تعزیتی پیغامات بھیج رہے ہیں۔
























