پاکستان میں بجلی کے ترسیلی نظام میں فنی خرابی کے باعث آنے والے ملک گیر بریک ڈاؤن نے پوری قوم کو ہیجان کی کیفیت میں مبتلا کررکھا ہے۔

ملک بھر میں بجلی کی بندش جہاں کچھ لوگوں کیلئے پریشانی کا باعث ہے وہیں شوبز فنکاروں نے اس پریشانی میں بھی مزاح کا تڑکا لگا دیا ۔

گلوکار علی ظفر نے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ’بریکنگ نیوز یہ ہے کہ آئی ایم ایف والے قسط ادا نہ کرنے پر پاکستان کا بجلی کا میٹر اتار کر لے گئے’۔

اداکار عمران اشرف نے ایک ویڈیو ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’بجلی والے بھائی صبح سے میرے گھر بتی نہیں آرہی لیکن میرے دوست کے گھر آگئی اور اب وہ میرا مذاق اڑا رہا ہے‘ ۔

ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اداکار نے کیپشن میں لکھا کہ ’یہ کیا بات ہوئی‘۔

اداکار وفلمساز عدنان صدیقی نے سوال کیا کہ ’وزارت توانائی نے ہمیں اندھیرے میں کیوں رکھا ہوا ہے؟‘۔

گلوکار بلال مقصود نے مداحوں کو مشورہ دیا کہ ’ اپنے فون کی بیٹری بچا کر رکھیں’ ۔

فنکاروں کے ساتھ ساتھ عام صارفین نے بجلی کی بندش پر بھی میم شیئر کیں۔

واضح رہے کہ نیشنل گرڈ میں خرابی کی وجہ سے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک کا بیشتر حصہ بجلی سے محروم ہوگیا ہے۔

بریک ڈاؤن کی وجہ سے اسپتالوں، عدالتوں، اسکولوں اور دفاتر میں بجلی نہ ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔

More

Comments are closed on this story.