بھارت کے مشہور شو ”شارک ٹینک انڈیا“ کے انویسٹر پینل میں شامل وینیتا سنگھ کی موت کی خبروں نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کیا ہوا ہے۔

وینیتا سنگھ ایک بزنس وومن ہیں اور معروف میک اپ برانڈ ”شوگر کاسمیٹکس“ کی چیف ایگزیکیوٹیو آفیسر (سی ای او) بھی ہیں۔

وینیتا نے شارک ٹینک کے دوران کئی لوگوں کے کاروبار میں دلچسپی دکھاتے ہوئے ان میں سرمایہ کاری کی ہے۔

لیکن کئی ہفتوں سے سوشل میڈیا پر ان کی موت کی خبریں زیر گردش ہیں، جس کی تصدیق نہیں ہو پارہی تھی۔

تاہم، اب وینیتا نے خود ہی اپنی موت کی تردید کرتے ہوئے ان گمراہ کن اطلاعات کا اسکرین شاٹ شیئر کیا اور لکھا کہ اس طرح کی جھوٹی خبریں پچھلے پانچ ہفتوں سے گردش کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غلط معلومات کے پھیلاؤ کا مقابلہ کرنے کے لیے ان کی ٹھوس کوششوں کے باوجود، جس میں ممبئی کرائم برانچ میں شکایت درج کرنا اور میٹا (سابقہ فیس بک) اور ممبئی سائبر پولیس کو اس معاملے کی اطلاع دینا شامل ہے، افواہیں مسلسل گردش کرتی رہیں۔

وینیتا نے اپنی پوسٹ میں جھوٹی خبروں سے متعلق اپنی مایوسی کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ سب سے مشکل حصہ اس وقت ہوتا ہے جب لوگ جھوٹے دعوؤں کی تصدیق کے لیے اہل خانہ سے رجوع کرتے ہیں۔

انہوں نے ایسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے شہریوں سے تجاویز بھی طلب کیں۔

وینیتا سنگھ نے ٹوئٹ کیا کہ ’اپنی موت اور گرفتاری کے بارے میں 5 ہفتوں سے ادا شدہ مہم سے نمٹ رہی ہوں، پہلے تو اسے نظر انداز کیا، پھر کئی بار میٹا کو اطلاع دی، ممبئی پولیس میں شکایت درج کروائی لیکن یہ باز نہیں آرہے ہیں۔ سب سے مشکل حصہ وہ ہوتا ہے جب لوگ گھبرا کر میری ماں کو فون کرتے ہیں۔‘

دریں اثنا، ممبئی پولیس نے وینیتا سنگھ کی پوسٹ کا فوری جواب دیا اور انہیں پولیس سے رابطہ کرنے کو کہا جس پر وینیتا نے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔

More

Comments are closed on this story.