چینی ٹیکنالوجی اور موبائل فون بنانے والے کمپنی شاؤمی کےچیف ایگزیکیوٹیو آفیسر (سی ای او) لی جُن نے بیجنگ میں ایک نئی نیکسٹ جنریشن اسمارٹ فون فیکٹری کے آغاز کا اعلان کیا ہے، جو کہ انتہائی جدید اور آٹومیٹک ہے اور اسے ”ڈارک فیکٹری“ کہا جاتا ہے۔

یہ فیکٹری کسی بھی انسانی مداخلت یا ملازم کے بغیر دن کے چوبیس گھنٹے اور ہفتے کے ساتوں دن چل سکتی ہے۔

ایسا اس فیکٹری میں نصب جدید ترین مشینری کی بدولت ممکن ہوا ہے جو پروڈکشن چوبیس گھنٹے جاری رکھنے کے لیے بغیر کسی رکاوٹ کے چلتی رہتی ہیں۔

مزید برآں، فیکٹری دھول ہٹانے کے لیے خود کو منظم کرنے والے نظام کی حامل ہے، جو اسمارٹ فون کے نازک اجزاء کے لیے احتیاط سے صاف ماحول کو یقینی بناتی ہے۔

شاؤمی بیجنگ میں اپنی اس نئی ”ڈارک فیکٹری“ کے ساتھ اسمارٹ فون کی تیاری کے مستقبل میں ایک بڑی چھلانگ لگا رہا ہے۔

یہ انتہائی خودکار فیسیلٹی متاثر کن پیداواری صلاحیتوں کا حامل ہے۔

شاؤمی کی اندرون ملک تیار کردہ ذہین مشینیں مینوفیکچرنگ کے پورے عمل میں مسلسل کوالٹی کنٹرول کو یقینی بنائیں گی۔

اس فیکٹری کی کارکردگی حیران کن ہے، جو پروموشنل مواد کے مطابق ہر سیکنڈ میں ایک نیا اسمارٹ فون تیار کرتی ہے۔

شاؤمی نے اس فیکٹری کے قیام میں 2.4 ارب یوآن خرچ کئے ہیں، 81,000 مربع میٹر پر محیط اس فیکٹری نے ”قومی سمارٹ مینوفیکچرنگ بینچ مارک انٹرپرائز“ کے طور پر پہچان حاصل کی ہے۔

ایک کروڑ فلیگ شپ اسمارٹ فونز کی سالانہ پیداواری صلاحیت کے ساتھ، یہ فیکٹری آنے والے شاؤمی ”مکس فولڈ فور“ اور شاؤمی ”مکس فلپ“ فولڈ ایبل فونز کی پیداوار کو سنبھالنے کے لیے تیار ہے۔

یہ شاؤمی کی پہلی آٹومیٹک فیکٹری نہیں ہے، 2019 میں، شاؤمی نے یژوانگ بیجنگ میں اپنی پہلی سمارٹ فیکٹری مکمل کی تھی۔

More

Comments are closed on this story.