بالی ووڈ سپر اسٹارگووندا ٹانگ میں گولی لگنے کی وجہ سے ممبئی کے اسپتال میں داخل ہیں۔ ان کی حالت اب پہلے سے بہتر ہے۔ گووندا نے خود اپ ڈیٹ دیا تھا کہ ان کی ٹانگ سے گولی نکل گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کی صبح گووندا کواپنے لائسنس یافتہ ریوالور سے گولی لگ گئی۔ جس کی وجہ سے وہ زخمی ہو گئےتھے۔ ٹانگ میں گولی لگنے کے بعد انہیں ممبئی کے ایک ہسپتال میں داخل کردیا گیاتھا، جہاں ڈاکٹروں نے ایک گھنٹے کی سرجری کے بعد گولی نکال دی تھی۔
بھارتی اداکار گووندا نے خود کو گولی مار لی
گووندا کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ ڈاکٹرزکا کہنا ہے کہ گووندا کو اگلے تین سے چار دنوں میں اسپتال سے چھٹی مل جائے گی۔ تاہم انہیں ایک ماہ تک آرام کرنا پڑے گا۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی پولیس نے ان کا لائسنس یافتہ ریوالور بھی ضبط کر لیا ہے۔
اداکار نے ہسپتال ہی سے اپنے مداحوں کے لیے ایک آڈیو پیغام بھی جاری کیا جس میں انہوں نے اپنی صحت سے متعلق مکمل معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے گولی لگی ہے لیکن اسے نکال لیا گیا ہے۔ میں ڈاکٹروں اور آپ کی دعاؤں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
گووندا کے منیجر ششی سنہا کے مطابق اداکار کے ساتھ یہ واقعہ منگل کی صبح اس وقت پیش آیا جب وہ کولکتہ روانہ ہونے کے لیے تیار ہو رہے تھے۔ منیجر نے کہا، کولکتہ میں ایک شو تھا، جس کے لیے صبح چھ بجے کی فلائٹ تھی۔ گووندا ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہونے والے تھے تب ہی یہ واقعہ پیش آیا۔ خدا کے فضل سے گووندا کو صرف ان کی ٹانگ میں چوٹ آئی۔
جس وقت حادثہ پیش آیا اداکار اپنے گھر میں اکیلے تھے۔ منیجر کے مطابق گووندا اپنا ریوالورالماری میں رکھ رہےتھے جب وہ گرا اور گولی چل گئی۔
اداکار نے فوری طور پر اپنی اہلیہ اور منیجر کو اس بارے میں آگاہ کیا۔ اس کے بعد منیجر گھر پہنچا اور اداکار کو اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اس دوران پولیس کو بھی اطلاع دی گئی اور وہ بھی پہنچ گئی۔ بعد ازاں اداکار کی بیٹی ٹینا آہوجا بھی اسپتال پہنچ گئیں۔
اداکارکی اہلیہ سنیتا آہوجا کولکتہ میں تھیں۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی سنیتا بھی ممبئی روانہ ہوگئیں۔
Comments are closed on this story.