بالی ووڈ کی منیشا کوئرالہ نے نیپال میں مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کو نیپال کا“سیاہ دن“ قرار دے دیا۔
نیپالی نژاد بھارتی اداکارہ نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام جاری کرتے ہوئے نیپال میں ہونے والے کریک ڈاؤن پر سخت تنقید کی۔
انہوں نے ایک خون آلود جوتے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ”آج نیپال کے لیے ایک سیاہ دن ہے۔ جب عوام کی آواز، بدعنوانی کے خلاف غصے اور انصاف کے مطالبے کا جواب گولیوں سے دیا گیا۔“
واضح رہے کہ نیپال اس وقت شدید سیاسی اورعوامی ہلچل کا شکار ہے جہاں وزیراعظم کے پی شرما اولی کی جانب سے 26 سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی کے بعد نوجوانوں، خاص طور پر جنریشن زی مظاہرین، بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے۔
بدعنوانی اور آزادی رائے پر قدغن کے خلاف یہ احتجاج اس وقت خونریز صورت اختیار کر گیا جب سکیورٹی فورسز نے مظاہرین پر طاقت کا بے دریغ استعمال کیا۔ کٹھمنڈو کی پارلیمنٹ کے باہر پرامن احتجاج پر پولیس نے آنسو گیس، لاٹھی چارج، ربڑ کی گولیاں اور براہ راست فائرنگ کی۔
اس کریک ڈاؤن کے نتیجے میں 21 افراد جاں بحق اور 250 سے زائد زخمی ہوئے۔