کہتے ہیں خوشی کے لمحے اور جذبات کا امتزاج کبھی کبھی حادثوں کا روپ دھار لیتے ہیں۔ دہلی میں ایک نئی نویلی گاڑی ’تھار‘ لینے آئی خاتون نے رسم نبھانے کے لئے لیموں کچلنے کی بجائے ایکسیلیٹر دبا دیا۔ نتیجہ یہ نکلا کہ گاڑی پہلی منزل سے سیدھی سڑک پر جاپہنچی۔
جی ہاں 29 سالہ مانی پوار کے لیے نئی گاڑی ’مہندرا تھار‘ خریدنے کی خوشی بیان سے باہر تھی۔ کار سڑک پر لے جانے سے پہلے انہوں نے شو روم کے اندر ہی روایتی رسم ادا کرنے کا فیصلہ کیا۔ رسم کے مطابق گاڑی کے ٹائر کے نیچے لیموں کچلنا تھا۔
بھارت میں یہ رسم نظرِ بد اور منفی اثرات سے بچنے اور نئی گاڑی کو حادثات سے محفوظ رکھنے کی نیت سے کی جاتی ہے۔ مگر خاتون سے انجانے میں ایسی غلطی ہوگئی جس نے خوشی کو خوفناک لمحے میں بدل دیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق خاتون نے 27 لاکھ روپے مالیت کی نئی تھار گاڑی وصول کی اور پوجا کے بعد لیموں گاڑی کے پہیے کے آگے رکھ دیا گیا۔ گاڑی میں خود مانی پواراور شو روم کا ملازم سوار تھے، انہیں گاڑی آہستہ بڑھا کر لیموں کچلنا تھا، مگر غلطی سے انہوں نے ایکسیلیٹر دبا دیا اور گاڑی شیشے توڑ کر پہلی منزل سے سیدھی نیچے سڑک پر جا گری۔
حادثے کے فوراً بعد بنائی گئی ایک ویڈیو میں الٹی ہوئی گاڑی کو سڑک پر دیکھا جا سکتا ہے۔ خوش قسمتی سے ایئر بیگز کھل گئے اور دونوں افراد کو نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں فارغ کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق، کسی کو شدید چوٹ نہیں آئی اور نہ ہی کسی کی طرف سے کوئی شکایت درج کرائی گئی ہے۔