بولی وڈ کے معروف اداکار سنجے دت نے حال ہی میں ایک عجیب و غریب واقعے کا ذکر کیا، جب ایک مداح نے انہیں اپنی جائیداد 150 کروڑ بھارتی روپے کی رقم میں وراثت میں دینے کی خواہش ظاہر کی، لیکن اداکار نے یہ پیشکش قبول نہیں کی۔
اس دنیا میں ہر طرح کے مداح ہوتے ہیں جو اپنے پسندیدہ فنکار کے لیے کچھ بھی کرنے کو تیار رہتے ہیں۔ 2018 کا واقعہ بھی ایسی ہی ایک مداح خاتون کا ہے، جب نیشا پٹیل نامی ایک خاتون مہلک بیماری کے باعث فوت ہوگئی۔ نیشا نے اپنی تمام جائیداد، جس میں بنیادی طور پر ساؤتھ بمبئی میں عمارتیں شامل تھیں، سنجے دت کے نام منتقل کرنے کا انتظام کیا تھا۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق سنجے دت نے کپل شرما شو میں اس واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا، ایک دن پولیس اسٹیشن سے مجھے کال آئی اور کہا کہ ایک خوشی کی خبر ہے۔ مجھے بتایا گیا کہ ایک خاتون نے اپنی پوری جائیداد میرے نام چھوڑ دی ہے۔ میں نے چیک کیا تو یہ عمارتیں ساؤتھ بمبئی میں تھیں اور کل قیمت تقریباً 150 کروڑ روپے بنتی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ، میں نے کہا،’میں اس خاتون کو نہیں جانتا اور میری اس جائیداد پر کوئی حق نہیں ہے۔‘ آخرکار میں نے جائیداد اس کے اہل خانہ کو واپس کر دی، شرط یہ رکھی کہ اسے صحیح استعمال میں لایا جائے۔
اداکار نے پہلے بھی کرلی ٹیلز کے ساتھ ایک انٹرویو میں اس واقعے کے بارے میں بات کی تھی۔ بتایا گیا کہ نیشا پٹیل نے اپنی موت سے پہلے بینکوں سے رابطہ کر کے جائیداد کی قانونی کارروائی مکمل کر رکھی تھی تاکہ سب کچھ منظم طریقے سے ہو۔
سنجے دت اس وقت ہارشا کی فلم باغی4 میں ولن کے کردار میں نظر آ رہے ہیں۔ فلم میں ٹائیگر شروف نے مرکزی کردار ادا کیا ہے اور حالیہ ہفتے تھیٹرز میں ریلیز ہونے کے بعد اب تک 40 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے، جو اس سیریز کی پچھلی تین فلموں کے مقابلے میں نسبتا کم ہے۔