بھارت کی مشہور کاروباری شخصیت اور بولی وڈ اداکارہ کرشمہ کپور کے سابق شوہر آنجہانی سنجے کپور کی موت کے بعد ان کی جائیداد اور کاروبار کو لے کر خاندان میں جھگڑا شروع ہو گیا ہے۔
سنجے کپور نے اپنی زندگی میں تین شادیاں کی تھیں اور ان کے تین بچے ہیں۔ جس میں کرشمہ کپور کے ساتھ دو بچے سمائرا اور کیان جبکہ تیسری بیوی پریا سچدیو سے ان کاچھ سالہ بیٹا آزارئیس ہے۔
نیوز18 کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، سنجے کپور کے بچے ان کے کاروبار کے وارث نہیں بنیں گے۔ قانونی طور پر، جائیداد اور کاروبار کی دیکھ بھال ان کی بیوی پریا سچدیو کے پاس جائے گی۔ سنجے کی بہنیں بھی ممکنہ طور پر سونا کوم اسٹار کے انتظام میں شامل ہو سکتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کرشمہ کپور کے بچے سمائرا اور کیان، نے دہلی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے کہ ان کی سوتیلی والدہ پریا سچدیو نے وصیت میں جعلسازی کی ہے۔
انہوں نے عدالت سے درخواست کی کہ انہیں وصیت کی اصل یا کاپی فراہم کی جائے اور جب تک معاملہ حل نہیں ہوتا، پریا سچدیو کو وصیت پرعمل کرنے سے روکا جائے۔
سنجے کپور نے اپنے بچوں کا خیال پہلے ہی رکھا تھا۔ طلاق کے دوران انہوں نے 14 کروڑبھارتی روپے کے بانڈز خریدے، جو ہر ماہ تقریباً 10 لاکھ بھارتی روپے کی آمدنی دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ، کرشمہ کپور کو ان کے والد کی ملکیت والا گھر بھی دیا گیا تھا۔
سنجے کپور کی وفات 12 جون 2025 کو لندن میں ہوئی۔ اس کے بعد خاندان میں تقریباً 30,000 کروڑ روپے مالیت کے اثاثوں پر تنازعہ شروع ہو گیا ہے۔ عدالت اب اس معاملے پر سماعت کر رہی ہے تاکہ فیصلہ کیا جا سکے کہ کون واقعی جائیداد اور کاروبار کا حق دار ہے۔