بھارتی رئیلٹی شو بگ باس 19 کے میزبان اور مشہور بولی ووڈ اسٹارسلمان خان کو مسلسل جان سے مارنے کی دھمکیوں کے بعد شو کی سیکیورٹی کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔
شو کی انتظامیہ نے سیٹ پر حاضرین کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے، جو عام طور پر ہفتہ وار ’ویک اینڈ کے وار‘ میں سلمان خان کو دیکھنے کے لیے آتے تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ دھمکیاں گینگسٹر لارنس بشنوئی سے منسلک ہیں، جس کی وجہ سے شو کی ٹیم نے حفاظتی اقدامات میں اضافہ کیا ہے۔
بگ باس کے سی ای او رشی نیگی نے بتایا کہ پچھلے ڈھائی سالوں سے شو کی سیکیورٹی مزید سخت کی گئی ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے یا خلل سے بچنے کے لیے تقریباً 600 افراد 24 گھنٹے شفٹوں میں کام کر رہے ہیں۔
رشی نیگی نے بتایا کہ اب شو میں کوئی لائیو آڈینس شامل نہیں ہو سکتی۔ اس کا مقصد سلمان خان کی حفاظت کے ساتھ ساتھ شو کی روانی برقرار رکھنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شو میں آنے والے ہر شخص کا سخت بیک گراؤنڈ چیک کیا جاتا ہے، چاہے وہ مستقل، وقتی یا وینڈر کی بنیاد پر ہو۔
سلمان خان ہر ہفتے ’ویک اینڈ کے وار‘ میں نظر آتے ہیں ۔عام طور پر اس دوران مداح اور حاضرین بھی انہیں دیکھنے کے لیے آتے ہیں، لیکن اس بار حفاظتی وجوہات کی بنا پر یہ اجازت منسوخ کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کی جانب سے سلمان خان کو متعدد بار جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔ ان دھمکیوں کی شدت اور بار بار ہونے کے سبب شو کی ٹیم نے حفاظتی انتظامات میں اضافہ کیا اور حاضرین کی شرکت پر پابندی لگائی۔