تھائی سفاری پارک میں سیاحوں کے سامنے زو کیپر کو شیروں نے زندہ کھا لیا۔
آج صبح تھائی لینڈ میں خوفزدہ سیاحوں کے سامنے ایک زو کیپر کو شیروں کے جھنڈ نے زندہ کھالیا۔
مقامی وقت کے مطابق صبح گیارہ بجے بنکاک میں سفاری ورلڈ کے کھلے انکلوژر میں جب زو کیپراپنی جیپ سے باہر نکلا تو شیروں نےاس پر حملہ کیا۔
سیاح یہ سب دیکھ کر خوفزدہ ہوگئے، شیروں نے زو کیپر کو پکڑ کے سارا انسانی گوشت کھا لیا۔ سیاح بشمول چڑیا گھر میں کام کرنے والے سب صحارا کی بڑی بلیوں کو ڈرانے کی ناکام کوشش میں اپنی گاڑیوں کے ہارن بجائے۔
بعد ازاں اہلکار بندوقیں لے کر پہنچے، جس کی وجہ سے شیر بھاگ گئے لیکن زو کیپر پہلے ہی موت کے منہ میں جا چکا تھا۔
افسوسناک واقعے کے بعد ڈرائیو تھرو ایریا کو بند کر دیا، جہاں زمین پر خون کا ایک ڈھیر دیکھا جا سکتا تھا۔
عینی شاہد پروفیسر تاوتچائی کنچانارِن، جو کہ ایک معروف اسپتال میں ڈاکٹر ہیں اور واقعے کے وقت وہیں موجود تھے، نے میڈیا تھائی رتھ ٹیلی ویژن کو بتایا ”ایک شخص بغیر چھت والی گاڑی سے اُترا اور جانوروں کی طرف پیٹھ کرکے اکیلا کھڑا ہوگیا، جو مجھے کافی عجیب لگا۔“
انہوں نے مزید کہا کہ ”وہ تقریباً تین منٹ تک ویسے ہی کھڑا رہا، پھر ایک شیر آہستہ آہستہ آیا اور اسے پیچھے سے پکڑ لیا۔ اس نے چیخ تک نہیں ماری۔ شیر نے اسے زمین پر گرا دیا اور کھانا شروع کر دیا۔“
پروفیسر نے بتایا: ”تقریباً تین یا چار اور شیروں نے بھی زو کیپر پر حملہ کر دیا اور اسے کھانے لگے۔“
”بہت سے لوگوں نے یہ واقعہ اپنی آنکھوں سے دیکھا، مگر کسی کو سمجھ نہیں آیا کہ کیا کریں۔ لوگ اپنی گاڑیوں کے ہارن بجانے لگے اور مدد کے لیے چِلّانے لگے۔“
انہوں نے کہا ”پہلے تو مجھے لگا کہ شاید یہ شخص زو کیپر ہی ہے اور شیروں سے واقف ہے۔ مجھے لگا کہ شیر شاید پیار کر رہے ہوں، اسی لیے کوئی بھی قریب جانے کی ہمت نہ کر سکا۔“
پروفیسر تاوتچائی کے مطابق یہ حملہ تقریباً 15 منٹ تک جاری رہا۔ بعد ازاں زو کے عملے نے مداخلت کی اور متاثرہ شخص کو اسپتال لے جایا گیا، لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ چکا تھا۔