آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کی کہانی سوشل میڈیا پر دھوم مچا رہی ہے، جنہوں نے اپنے عشق و محبت کے سفر کو انگوٹھیوں کی صورت یادگار بنا لیا ہے۔
یہ انوکھی کہانی نہ صرف صارفین کو محظوظ کر رہی ہے بلکہ سوشل میڈیا پر رشتوں، محبت اور وعدوں کی قدر پر بھی بحث چھیڑ چکی ہے۔
آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی خاتون نے حیران کن انکشاف کیا ہے۔ اس خاتون نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے ایک یا دو بار نہیں بلکہ چار بار منگنی کی ہے اور دو بار شادی کی ہے۔
یہ خاتون، جو سوشل میڈیا پر ”لیڈی کوئن“ کے نام سے معروف ہیں، خود کو فخر سے ”رِنگ کلیکٹر“ کہتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلی بار 19 سال کی عمر میں منگنی کی تھی اور تب سے اب تک چار منگنیاں اور دو شادیاں کر چکی ہیں اور حیران کن طور پر انہوں نے کسی بھی سابق منگیتر کو انگوٹھیاں واپس نہیں کیں۔
اپنی ویڈیو میں اپنی چاروں انگوٹھیاں دکھاتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ ان کی پہلی منگنی 19 سال کی عمر میں ہوئی تھی۔ انھوں نے بتایا کہ اس رشتے میں سب کچھ ٹھیک تھا لیکن چار سال بعد دونوں الگ ہوگئے۔
اس کے بعد دوسری منگنی ہوئی، ایک اور خوبصورت انگوٹھی ملی، لیکن یہ رشتہ بھی زیادہ نہ چل سکا۔
تیسری منگنی کے بعد انہوں نے پہلی بار شادی کی۔ شادی کے موقع پر شوہر نے انہیں ایمرالڈ کٹ ہیرے کی انگوٹھی دی، مگر یہ رشتہ بھی انجام تک نہ پہنچا۔
بعدازاں چوتھی بار منگنی ہوئی اور اس شخص سے انہوں نے دوسری شادی کر لی، جو اب کامیابی سے نبھ رہی ہے۔
لیڈی کوئن نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اگرچہ وہ اپنی موجودہ شادی سے خوش ہیں لیکن انہیں اپنی منگنی کے کچھ فیصلوں پر افسوس ہے۔ لیڈی کوئن نے یہ ویڈیو ٹک ٹاک پر شیئر کی، جو تیزی سے وائرل ہو گئی۔
ویڈیو کے بعد صارفین نے مختلف ردعمل دیے۔ کچھ نے انہیں ”ریڈ فلیگ“ قرار دیا اور ان کے موجودہ شوہر کے لیے فکر ظاہر کی۔
ایک اور یوزرنے استفسار کیا کہ آپ وہ انگوٹھیاں انہیں واپس کیوں نہیں دیتیں؟ اس پر لیڈی کوئن نے جواب دیا کہ انہوں نے سب کو انگوٹھیاں واپس کرنے کی پیشکش کی تھی لیکن انہوں نے واپس لینے سے انکار کردیا۔
لیڈی کوئن کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے کچھ فیصلوں پر افسوس ضرور ہے، لیکن اب وہ اپنے موجودہ شوہر کے ساتھ خوش اور مطمئن ہیں۔