دنیا بے شمارعجائب اور قدرتی کرشمات سے بھری ہوئی ہے۔ بعض مناظر ایسے ہوتے ہیں کہ دیکھنے والا اپنی آنکھوں پر یقین نہیں کر پاتا۔

سائنس کی ترقی نے اگرچہ کئی قدرتی معجزات کی گتھیاں سلجھا دی ہیں اور قدرت کے کئی راز آشکارا کردیے ہیں مگر کچھ قدرتی مظاہر اپنی پراسراریت کے باعث آج بھی انسان کو حیران کر دیتے ہیں۔

ایسا ہی ایک نایاب اور دل موہ لینے والا منظر خلیج الاسکا کے قریب دیکھا جا سکتا ہے، جہاں بحرِ اوقیانوس اور بحرِالکاہل ایک ساتھ جڑے تو ہیں، لیکن بظاہر ایسے دکھائی دیتے ہیں کہ ایک دوسرے کے ساتھ ملنے سے انکار کررہے ہوں۔

یہ منظر گویا زمین پر قدرت کا بنایا ہوا ایک شاہکار ہے۔ ایک طرف گہرا نیلا شفاف پانی دکھائی دیتا ہے، جبکہ دوسری طرف ہلکا مدھم اور مٹیالا نیلا پانی بہتا نظر آتا ہے۔ دونوں کے بیچ ایک واضح لکیر سی بن جاتی ہے جو صاف دکھائی دیتی ہے، جیسے کسی نے دونوں سمندروں کے درمیان ایک بارڈر کھینچ دی ہو۔

یہی وجہ ہے کہ جب اس مقام کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو دنیا بھر کے لوگ حیران رہ گئے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص دونوں سمندروں سے پانی لے کر ایک ٹیوب میں ڈالتا ہے، لیکن پانی آپس میں گھلنے سے انکار کر دیتا ہے اور الگ الگ رہتا ہے۔ حتی کہ ہلانے کے باوجود دونوں الگ الگ تہوں کی صورت برقرار رہتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق، اس کی وجہ ان دونوں سمندروں کے پانی کی طبیعی و کیمیائی خصوصیات ہیں جو ایک دوسرے سے بہت مختلف ہیں۔

بحرِ اوقیانوس کا پانی زیادہ نمکین زیادہ ہوتا ہے،

جبکہ بحرِالکاہل کا پانی کم نمکین لیکن زیادہ ہلکا ہوتا ہے۔

ان میں موجود درجہ حرارت، بہاؤ کی رفتار اور گھلنے والے معدنیات و نامیاتی اجزاء بھی ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔

AAJ News Whatsapp

جب دو مختلف کثافت رکھنے والے پانی ایک دوسرے سے ملتے ہیں تو وہ فوری طور پر یکجا نہیں ہو پاتے بلکہ اپنے اپنے مخصوص وزن اور کثافت کی بنا پر علیحدہ تہوں کی شکل میں برقرار رہتے ہیں۔

یہ بالکل ایسے ہی ہے جیسے پانی اور تیل دونوں مائع ہونے کے باوجود ایک دوسرے میں حل نہیں ہوتے بلکہ الگ الگ سطحوں میں تیرتے دکھائی دیتے ہیں۔

یہ منظر اگرچہ سائنسی لحاظ سے مکمل طور پر قابلِ فہم ہے، لیکن دیکھنے والوں کے لیے اب بھی حیرت انگیز اور دل موہ لینے والا ہے۔ خلیج الاسکا کا یہ نایاب نظارہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قدرت کے رنگ اور اصول دونوں ہی ناقابلِ تصورحد تک حسین اور پیچیدہ ہیں۔

More

Comments
1000 characters