بال گرنے کا مسئلہ آج کل بہت سے لوگوں کے لیے پریشان کن بن گیا ہے۔ برسوں سے، بہت سے لوگ بالوں کے گرنے کی وجوہات کے بارے میں قیاس آرائیاں کرتے رہے ہیں، خاص طور پر وہ لوگ جو اکثرہیلمٹ یا ٹوپی پہنتے ہیں، ان کا خیال ہے کہ یہی ان کے بالوں کے گرنے کی وجہ ہے۔
تو کیا یہ صرف ایک مفروضہ ہے یا اس میں حقیقت بھی ہے؟ آئیے جانتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق بال گرنے کی بنیادی وجوہات میں جینیاتی مسائل ، ماحولیاتی عوامل، ہارمونل تبدیلیاں، بڑھتا ہوا ذہنی دباؤ، خوراک میں غذائی اجزاء کی کمی، غیر صحت مند طرزِ زندگی شامل ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہیلمٹ یا ٹوپی براہِ راست بالوں کے گرنے کا سبب نہیں بنتے۔ البتہ، طویل وقت تک ہیلمٹ یا ٹوپی پہننا بعض مسائل پیدا کر سکتا ہے جیسے پسینے کی زیادتی، خشکی یا ڈینڈرف، بالوں کی جڑوں پر رگڑ یا دباؤ۔
یہ عوامل بالوں کی جڑیں کمزور کر کے جزوی بال گرنے کا سبب بن سکتے ہیں۔
ہیلمٹ یا ٹوپی بالوں کو کیسے متاثر کرتے ہیں؟
جب ہیلمٹ یا ٹوپی بہت دیر تک پہن کر رکھی جائے، تو بال زیادہ پسینے سے نم رہتے ہیں۔ پسینہ اور مٹی سے کھوپڑی میں خارش یا انفیکشن ہو سکتا ہے۔ تنگ ہیلمٹ کی وجہ سے بالوں پر مستقل رگڑ سے جڑیں کمزور ہو جاتی ہیں۔
نتیجتاً یہ بالوں کے ٹوٹنے اور جڑوں کے کمزور ہونے کا سبب بن سکتے ہیں، مگر براہِ راست گنج پن یا مکمل بال گرنے کی وجہ نہیں ہیں۔
بالوں کی دیکھ بھال کے آسان نکات
بال ہمیشہ صاف رکھیں اور دھوئیں۔
ہیلمٹ پہننے سے پہلے اندر کپڑے یا رومال رکھیں تاکہ پسینہ آسانی سے جذب ہو جائے۔
ہفتے میں دو بار تیل لگائیں تاکہ سرکی جلد صحت مند رہے۔
ہیلمٹ یا ٹوپی اتارنے کے بعد بال ہوا میں خشک کریں، گیلے بال جڑیں کمزور کرتے ہیں۔
روزانہ ایک ہی ٹوپی نہ پہنیں، مختلف ٹوپیاں باری باری استعمال کریں۔
ہیلمٹ اور ٹوپی کو باقاعدگی سے صاف کریں تاکہ پسینہ، تیل اور مٹی نہ جمع ہو۔
یاد رکھیں ہیلمٹ یا ٹوپی براہِ راست بالوں کے گرنے کا سبب نہیں۔ مگر تنگ یا گندی ٹوپی، زیادہ پسینہ اور مٹی یا بالوں پر مستقل رگڑبالوں کے ٹوٹنے اور جڑوں کی کمزوری کا باعث بن سکتے ہیں۔ اس لیے ہمیشہ صحیح فٹ والی، ہلکی اور ہوا دار ٹوپی پہنیں اور صفائی کا خیال رکھیں۔