دنیا نے اس حقیقیت کو قبول کرلیا تھا کہ کہ اب تخلیقی فن کی کوئی نئی شکل باقی نہیں رہی، مگر انٹرنیٹ نے ایک بار پھر اسے غلط ثابت کردیا ۔ حال ہی میں وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں ایک ہنر مند فوڈ آرٹسٹ نے انڈے سے ایسا آملیٹ تیار کیا جو دیکھنے میں کسی مصوری کے شاہکار سے کم نہیں لگتا۔
سوشل میڈیا پر ان دنوں ایک حیرت انگیز ویڈیو نے دھوم مچا رکھی ہے جس میں ایک ماہر فوڈ آرٹسٹ نے سادہ سے انڈے کو ایسا شاہکار بنا ڈالا کہ دیکھنے والے دنگ رہ گئے۔
اس تخلیقی فنکار نے روایتی آملیٹ بنانے کی بجائے ایک ہاٹ پلیٹ (گرِڈل) پر انڈے کی زردی کو برش کی مدد سے اس انداز میں بکھیر دیا کہ آہستہ آہستہ دنیا کے معروف مصور لیونارڈو دا ونچی کی مشہور پینٹنگ ”مونا لیزا“ کا خاکہ ابھرتا چلا گیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فنکار پہلے انڈہ توڑ کر زردی الگ کرتا ہے، پھر باریک برش کو زردی میں ڈبو کر پلیٹ پر نہایت نفاست سے لکیریں کھینچتا ہے۔ لکیریں انتہائی باریکی اور نفاست سے بنائی گئی ہوتی ہیں اور جیسے ہی زردی سنہری بھورے رنگ میں بدلتی ہے، وہ اوپر سے باقی انڈہ ڈال دیتا ہے۔ تھوڑی ہی دیر میں یہ زردی کی لکیریں مونا لیزا کے خدوخال میں ڈھل جاتی ہیں اور یوں ایک عام آملیٹ ایک فن پارے میں بدل جاتا ہے۔
فنکار نے اپنی ویڈیو کے کیپشن میں صرف دو الفاظ لکھے: “ آملیٹ دی وانچی“ اور یہی دو الفاظ انٹرنیٹ پر لاکھوں دل جیتنے کے لیے کافی ثابت ہوئے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ فنکار نے بتایا کہ اس نے یہ آئیڈیا کالینانی پریادرشنی نامی اداکارہ کے مداحوں کے لیے ایک ایسے ہی آملیٹ پورٹریٹ سے متاثر ہو کر بنایا تھا جو پہلے وائرل ہو چکا تھا۔
جب یہ نئی ویڈیو انٹرنیٹ پر مقبول ہوئی تو کالینانی پریادرشنی نے خود بھی پوسٹ پر تبصرہ کیا اور فنکار کی تخلیقی صلاحیت کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ آرٹ نہایت باریک بینی اور کمال مہارت سے تخلیق کیا گیا ہے۔
اب تک یہ ویڈیو 2 کروڑ 10 لاکھ سے زائد بار دیکھی جا چکی ہے اور ہر گزرتے لمحے کے ساتھ اس کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔