بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ ہما قریشی کی ذاتی زندگی ہمیشہ سے کافی نجی رہی ہے، لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ ان کی زندگی کا نیا باب شروع ہو گیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق، ہما قریشی اب اپنے طویل عرصے سے مشہور ہونے والے بوائے فرینڈ اور ایکٹنگ کوچ رچت سنگھ کے ساتھ منگنی کر چکی ہیں۔
ہما اور رچت کے تعلقات کی افواہیں اس وقت زور پکڑیں جب گلوکارہ آکاسا سنگھ نے انسٹاگرام پر دونوں کی ایک تصویر شیئر کی اور لکھا:
’ہما، تمہاری اس چھوٹی سی جنت کے لیے مبارکباد۔‘
یہ پوسٹ آنے کی دیر تھی کہ سوشل میڈیا پر مداح اور شائقین دونوں ان کے تعلقات پر باتیں کرنے لگے۔
ہما اور رچت سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کی شادی میں بھی ایک ساتھ نظر آئے تھے ، جہاں دونوں نے گلابی لباس زیب تن کیا۔ ان کی موجودگی فوراً سب کی نظر میں آ گئی اور سوشل میڈیا پر یہ خبریں پھیل گئیں کہ شاید یہ جوڑا جلد ہی منگنی یا شادی کی طرف بڑھ رہا ہے۔
اس کے بعد رچت کے نجی سالگرہ کی تقریبات میں بھی دونوں کو ایک ساتھ دیکھ کر شائقین میں تجسس اور بڑھ گیا۔
سوشل میڈیا صارفین ہما اور رچت کی تصاویر اور ویڈیوز پر اپنی خوشی کا اظہار کر رہے ہیں اور ان کے تعلقات کے بارے میں قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔ اکثر صارفین نے لکھا کہ یہ جوڑا بالکل ایک دوسرے کے لیے بنایا گیا ہے اور جلد ہی شادی کے اعلان کی توقع ہے۔
رچیت سنگھ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں کافی مشہور ہیں۔ انہوں نے نے عالیہ بھٹ، رنویر سنگھ اور وکی کوشل جیسے ستاروں کو تربیت دی ہے۔
ان کی اداکاری کا آغاز سیریز “کرما کالنگ” سے ہوا۔ ہما کے ساتھ ان کا تعلق کچھ عرصے سے نمایاں ہے۔ انہیں مارچ 2024 میں شاہ رخ اور گوری خان کی پارٹی ایڈ شیران میں ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ہما قریشی اپنے کیریئر پر فوکس کررہی ہیں اور ان کی تمام تر توجہ سینما میں اپنے کام پر ہے۔
اب تک دونوں نے کوئی رسمی اعلان نہیں کیا ہے، لیکن افواہوں کے پیش نظر، ہما قریشی کی زندگی کے اس نئے باب پر سب کی دلچسپی عروج پر ہے۔