پاکستان کا سب سے بڑا موسیقی شو ”پاکستان آئیڈل“ ایک طویل وقفے کے بعد شاندار انداز میں دوبارہ جلوہ گر ہوا ہے۔ ملک بھر سے گلوکار اپنی آوازوں کے ساتھ امیدوں اور خوابوں کا سامان لیے اس اسٹیج پر اُترے ہیں۔ نئے سیزن کے آغاز کے ساتھ ہی ملک بھر کے نئے نوجوان گلوکاروں نے اپنی آوازوں کا جادو بکھیر دیا۔
اس سال جب نئے ٹیلنٹ نے آڈیشن دیا تو آواز، انداز اور پیشکش، تینوں امتحانوں میں شرکا کو پرکھنا ججز کے لیے بھی آسان نہ تھا۔ ہر گلوکار کے پیچھے ایک خواب اور جدوجہد کی کہانی تھی، مگر اگلے مرحلے میں جگہ بنانے کا اعزاز صرف اُنہیں ملا جنہوں نے اپنی شاندار محنت اور جزبے سے اسٹیج کو روشن کیا۔
پہلی قسط کے ساتھ ہی شو نے ناظرین کو اپنی گرفت میں لے لیا۔ ایک کے بعد ایک گلوکاروں نے اپنی پرفارمنس پیش کی، کہیں کلاسیکی رنگ تھا تو کہیں جدید دھنوں کی جھلک۔ کچھ آوازیں ایسی تھیں جنہوں نے ججز کو حیران کر دیا، اور کئی شرکا ایسے بھی تھے جنہیں اگلے مرحلے کے لیے منتخب کر کے اسٹیج نے ان کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دیا۔
صرف عوام ہی نہیں بلکہ معروف شخصیات بھی نوجوان ٹیلنٹ کے سحر میں جکڑ گئیں۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے پاکستان آئیڈل کی تعریف کرتے ہوئے، دل چھو لینے والی پرفارمنس کا کلپ شیئر کیا، جس نے ججز کو آبدیدہ کر دیا۔ انہوں نے اسے بھارت کے شوز سے بہتر قرار دیتے ہوئے پاکستان آئیڈل کو شاندار قرار دیا۔
سابق سینیٹر اور وکیل مصطفیٰ نواز کھوکھر نے پاکستان آئیڈل 2025 کے جاری آڈیشنز میں نظر آنے والے خالص گائیکی ٹیلنٹ کی تعریف کی، اسے روزمرہ خبروں سے ہٹ کر ایک خوشگوار تجربہ قرار دیا۔ حالیہ اقساط میں امیدواروں نے فریدہ خانم کے ”وہ مجھ سے ہوئے ہمکلام“ اور مہدی حسن کی ”رنجش ہی سہی“ جیسے کلاسیکی نغمے پیش کیے، جنہوں نے چند گھنٹوں میں یوٹیوب پر ہزاروں ویوز حاصل کیے۔
پاکستان آئیڈل کے اس کلپ نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی، نوجوان گلوکار کی جدید اردو بیلڈ پر ججز کے ملے جلے ردعمل نے سب کو چونکا دیا۔ راحت، فواد، بلال اور زیب نے اسے دوبارہ کلاسیکی انداز میں گانے کو کہا، مگر جین ذی مداحوں کا کہنا ہے: ”یہ صرف موسیقی نہیں، نسلوں کا فرق ہے، اب وقت ہے کہ نئی آوازوں کو نئے زاویے سے سنا جائے!“
سینیئر صحافی رضا رومی نے پاکستان آئیڈل سیزن 5 میں نوجوان گلوکار مِنعام کی روح پرور پرفارمنس مہدی حسن کی لازوال غزل ”رنجش ہی سہی“ کو سراہا۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے گلوکار نے کلاسیکی مہارت اور جذبے کے ساتھ شاندار پرفارمنس دی، جس پر راحت فتح علی خان سمیت ججز آبدیدہ ہو گئے۔ مداحوں نے اسے پاکستان کی موسیقی وراثت اور نئی نسل کے تخلیقی عزم کی خوبصورت جھلک قرار دیا۔
جیسا کہ آپ نے ان کلپس میں بھی دیکھا، پاکستان آئیڈل 2025 کے اس نئے سیزن میں ججز کے طور پر راحت فتح علی خان، فواد خان، بلال مقصود اور زیب بنگش شریک ہیں، جب کہ شو کی میزبانی شفاعت علی کر رہے ہیں۔ چاروں ججز اپنی الگ پہچان، تجربے اور موسیقی کے ذوق کے ساتھ نئے گلوکاروں کے لیے رہنمائی اور حوصلہ افزائی کا باعث بن رہے ہیں۔
پاکستان آئیڈل شو اس بار ایم ایچ ایل گلوبل پیش کر رہا ہے اور اسے بیک وقت ملک کے سات معروف چینلز جیو ٹی وی، پی ٹی وی ہوم، گرین انٹرٹینمنٹ، ایکسپریس انٹرٹینمنٹ، اے پلس،اور لائف اور آن ٹی وی پر نشر کیا جا رہا ہے۔ ناظرین ہر ہفتے کے اختتام پر یعنی ہفتہ اور اتوار کو نئی قسطوں سے محظوظ ہو سکیں گے۔
دلچسپی کی بات یہ ہے کہ پاکستان آئیڈل اب سرحدوں سے بھی آگے پہنچ چکا ہے۔ یو اے ای کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم Begin کے ذریعے دنیا بھر کے شائقین خصوصاً سعودی عرب، کینیڈا، امریکا، برطانیہ اور بھارت اس شو کو آن لائن دیکھ سکتے ہیں۔ جہاں جہاں یہ پلیٹ فارم میسر ہے۔
نئے سیزن کی ابتدائی اقساط میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، ملتان، راولپنڈی اور سکھر سمیت ملک کے مختلف حصوں سے آئے باصلاحیت نوجوانوں نے اپنی پرفارمنسز سے نہ صرف ججز کو متاثر کیا بلکہ ناظرین کے دل بھی جیت لیے۔ کسی نے کلاسیکی رنگ پیش کیا تو کسی نے جدید طرز میں اپنی شناخت بنائی۔
یہ سیزن اپنے ابتدائی مرحلے میں ہے مگر پہلے ہی اسے زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔ ہر نئی قسط کے ساتھ تجسس بڑھ رہا ہے کہ کون سا نیا چہرہ اپنی آواز سے دل جیتے گا اور کون مقابلے سے باہر ہو جائے گا۔
پاکستان آئیڈل 2025 صرف ایک شو نہیں بلکہ اُن نوجوانوں کے خوابوں کا استعارہ بن چکا ہے جو یقین رکھتے ہیں کہ ایک خوبصورت آواز قسمت بدل سکتی ہے۔