بھارتی فلم انڈسٹری کے نامور اداکار و کامیڈین گووردھن اسرانی 84 برس کی عمر میں دنیا سے چل بسے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گووردھن اسرانی طویل عرصے سے شدید علیل تھے۔ وہ گزشتہ پانچ دنوں سے اسپتال میں زیر علاج تھے اور آج شام ممبئی میں چل بسے۔ اداکار کے بھتیجے نے ان کی وفات کی تصدیق کی ہے۔
اداکار نے پانچ دہائیوں پر محیط اپنے شاندار کیریئر میں ہندی فلم انڈسٹری کو بے شمار یادگار کردار دیے اور دیکھنے والوں کی دلچسپی میں مزید اضافہ کیا۔
بھارتی اداکار گووردھن اسرانی کی موت نے ہندی فلم انڈسٹری سمیت ان کے ہزاروں مداحوں کو غم میں مبتلا کر دیا ہے۔
پیدائش اور ابتدائی کیرئیر
این ڈی ٹی وی کے مطابق اداکار گووردھن اسرانی یکم جنوری 1940 کو بھارتی شہر جے پور میں ایک متوسط طبقے کی سندھی فیملی میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد ایک قالین کی دکان چلایا کرتے تھے، مگر اسرانی نے کبھی بھی خاندان کے کاروبار میں دلچسپی نہیں دکھائی۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم اسٹ. زیورز اسکول سے حاصل کی تھی اور بعد میں راجستھان کالج جے پور سے گریجویشن مکمل کیا تھا۔ تعلیم کے دوران اپنے خرچ کے لیے اسرانی نے آل انڈیا ریڈیو جے پور میں وائس آرٹسٹ کے طور پر کام کیا تھا۔
1960 سے 1962 تک اسرانی نے فنِ اداکاری کی تربیت سہتیہ کلبھائی ٹھاکر سے حاصل کی، اور 1964 میں فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا پونا میں داخلہ لیا تھا۔
ان کی بالی وڈ میں اداکاری کا آغاز 1967 کی فلم ’ہرے کانچ کی چوڑیاں‘ سے ہوا، جس میں انہوں نے اداکار بسواجیت کے دوست کا کردار نبھایا تھا۔ اس دوران اسرانی نے کئی گجراتی فلموں میں بھی مرکزی کردار ادا کیے تھے۔
بالی ووڈ کی مقبول ترین فلم ’شعلے‘ میں گووردھن اسرانی کا جیلر کا کردار ان کی زندگی کے سب سے یادگار اور کامیاب کرداروں میں سے ایک تھا۔ اسرانی نے ہریشیکش مکھرجی، گلزار، اور بی آر چوپڑا جیسے نامور ہدایت کاروں کی فلموں میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
بالی ووڈ کے انجہانی اداکار راجیش کھنہ کے ساتھ اسرانی کی گہری دوستی تھی، اور انہوں نے تقریباً 25 فلموں میں ان کے ساتھ کام کیا تھا، جن میں 1972 کی فلم ’باورچی‘ بھی شامل ہے۔
سال 2000 کے بعد،اسرانی نے پریہ درشن کی کامیڈی فلموں میں اپنی ایک خاص جگہ بنائی اور دیگر فلموں جیسے ہیرہ پھیری، آمدنی اٹھنی خرچہ روپیہ، باغبان، چھپ چھپ کے، گرم مصالحہ، بول بچن اور دیگر فلموں میں شاندار کردار ادا کیے۔
اسرانی کی آخری کامیڈی فلم ’ڈریم گرل 2‘ تھی جو 2023 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں وہ منفرد و مزاحیہ کردار انداز میں نظر آئے تھے۔
گووردھن اسرانی کی شادی اداکارہ منجو بنسال سے ہوئی تھی، جن سے ان کی ملاقات فلم ’آج کی تازہ خبر‘ اور ’نمک حرام‘ کے دوران ہوئی تھی۔ اس جوڑے کا ایک بیٹا ہے جس کا نام نوین اسرانی ہے۔