بھارتی گلوکار تلوندر سنگھ سدھو کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں پاکستانی گلوکار حسن رحیم کے کنسرٹ میں شریک ہونے اور ان کے ساتھ اسٹیج شیئر کرنے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں آ گئے۔ واقعے نے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے کہ کیا فنکاروں کے درمیان تعاون کو سیاسی کشیدگی سے الگ رکھا جا سکتا ہے یا نہیں۔

ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب تلوندر نے ٹورنٹو میں منعقدہ کنسرٹ میں حسن رحیم کے ساتھ اسٹیج پر پرفارم کیا۔ دونوں فنکاروں کو ایک ساتھ گاتے، ایک دوسرے کو گلے لگاتے اور غیر رسمی انداز میں پرفارمنس کرتے دیکھا گیا، جس کے ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

بعد ازاں تلوندر نے انسٹاگرام پر کنسرٹ کی جھلکیاں شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ٹورنٹو میں خواب پورا ہوا۔ ان پوسٹس کے بعد سوشل میڈیا پر ایک طبقے نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

تنقید کرنے والے صارفین کا کہنا تھا کہ موجودہ پاک-بھارت کشیدہ تعلقات کے تناظر میں ایسے تعاون کو مناسب نہیں سمجھا جا سکتا۔ بعض صارفین نے انہیں سخت الفاظ میں نشانہ بناتے ہوئے شیم آن یو جیسے تبصرے بھی کیے۔

دوسری جانب کچھ صارفین نے تلوندر کے حق میں آواز اٹھائی اور کہا کہ موسیقی اور فن کو سرحدوں اور سیاست سے بالاتر ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کے فنکاروں کا اس طرح ایک ساتھ آنا ثقافتی ہم آہنگی کی علامت ہے، نہ کہ کسی سیاسی مؤقف کی تائید۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب تلوندر سوشل میڈیا بحث کا مرکز بنے ہوں۔ اس سے قبل بھی وہ مختلف ذاتی اور پیشہ ورانہ معاملات کی وجہ سے خبروں میں رہ چکے ہیں، جن میں اداکارہ دیشا پٹانی کے ساتھ ان کے تعلقات کی افواہیں بھی شامل ہیں۔

تلوندر نے اپنے کیریئر کا آغاز ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے کیا، جہاں ان کے گانے کمّوجی، دھندلا اور فنک سونگ نے خاصی مقبولیت حاصل کی۔ 2024 میں انہوں نے اپنا پہلا البم مس فٹ بھی ریلیز کیا جس نے انہیں مزید شہرت دلائی۔

More

Comments
1000 characters