پاکستانی نژاد فرانسیسی فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی نے خود سے متعلق جیل جانے کی خبروں کی تردید کر دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی اور فرانسیسی میڈیا میں چلنے والی رپورٹس جھوٹی اور گمراہ کن ہیں۔
پاکستانی نژاد فرانسیسی فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی نے ان خبروں کو مسترد کر دیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہیں فرانس میں جیل کی سزا سنائی گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو بیان میں محمود بھٹی نے کہا کہ ان کے خلاف جیل جانے سے متعلق خبریں درست نہیں اور میڈیا میں حقائق کے برعکس تاثر پیش کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ فرانسیسی اخبار ’لی مونڈ‘ کے مطابق پاکستانی نژاد فرانسیسی فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی کو گذشتہ دنوں پیرس کی اپیل کورٹ نے ٹیکس فراڈ اور منی لانڈرنگ کے مقدمے میں مجرم قرار دیا تھا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق محمود بھٹی کو دو سال کی معطل قید کی سزا سنائی گئی ہے، جب کہ ان پر ایک لاکھ پچاس ہزار یورو جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ انہیں 10 سال تک کسی بھی کمپنی کے انتظامی امور چلانے پر پابندی کا سامنا ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق عدالت نے ان سے تین لگژری گھڑیاں اور تین جیگوار گاڑیاں بھی ضبط کر لی ہیں۔ مقدمے کی سماعت کے دوران انکشاف ہوا کہ 2009 سے 2012 کے دوران ٹیکس فراڈ اور 2009 سے 2014 تک منی لانڈرنگ کے الزامات ثابت ہوئے۔
فرانسیسی اخبار کے مطابق تفتیش میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ وہ متحدہ عرب امارات میں قائم کمپنی کے ذریعے قرضوں کے نظام سے اپنی پرتعیش زندگی کو فنڈ کرتے رہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ محمود بھٹی نے اپیل کے دوران الزامات کو تسلیم کرتے ہوئے کم سزا پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ اس سے قبل وہ 2001 میں بھی مالی فراڈ کے ایک کیس میں زیرِ تفتیش رہ چکے ہیں۔
























