گرمیوں کا موسم آتے ہی پھلوں کے بادشاہ آم کی مانگ میں بے پناہ اضافہ ہو جاتا ہے۔ اس کی مٹھاس، رس دار ساخت اور تازگی بخش ذائقہ ہر عمر کے افراد کو اپنا دیوانہ بنا دیتا ہے۔ تاہم بازار میں دستیاب ہر آم معیار کے لحاظ سے ایک جیسا نہیں ہوتا۔ کچھ آم وقت سے پہلے توڑ لیے جاتے ہیں، جب کہ کچھ بہت زیادہ پکے ہوئے یا ذائقے سے عاری ہو سکتے ہیں۔

چاہے آپ آم ویسے ہی کھانے کے لیے خرید رہے ہوں، یا اس سے اسموتھی، میٹھا اور فروٹ چاٹ بنانا چاہتے ہوں، صحیح آم کا انتخاب آپ کے مزے کو دوبالا کر سکتا ہے۔

اس حوالے سے غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ آم کی خریداری کے وقت چند سادہ چیزوں کا خیال رکھ کرآپ باآسانی تازہ، قدرتی طور پر پکے ہوئے اور مزیدار آموں کا انتخاب کر سکتے ہیں۔


آم خریدتے وقت خوشبو ضرور چیک کریں


پکے ہوئے آم کی سب سے بڑی پہچان اس کی خوشبو ہے۔ ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ آم کے تنے کے قریب سے ہمیشہ ایک میٹھی اور بھینی بھینی خوشبو آنی چاہیے۔ اگر آم سے کوئی خوشبو نہ آ رہی ہو تو اس کا واضح مطلب ہے کہ وہ ابھی کچا ہے اور اسے پکنے میں مزید وقت درکار ہے۔

پھل کو چھو کر اس کی نرمی جانچیں

آم کی تازگی جانچنے کے لیے اسے انگلیوں کی مدد سے ہلکا سا دبا کر دیکھنا بھی ایک کارآمد طریقہ ہے۔ ایک صحیح پکا ہوا آم چھونے میں ہلکا سا نرم محسوس ہوتا ہے، لیکن اسے ضرورت سے زیادہ پلپلا یا نرم نہیں ہونا چاہیے۔

صرف رنگ دیکھ کر فیصلہ نہ کریں

خریداری کے وقت کبھی بھی آم کو صرف اس کے رنگ سے نہ پرکھیں کیونکہ آم کی مختلف اقسام کا رنگ بھی مختلف ہوتا ہے۔ اس کے بجائے یہ دیکھیں کہ آم کا چھلکا بالکل ہموار ہو اور اس پر کوئی کٹ، داغ یا کھرونچ کا نشان نہ ہو۔

جھریوں والے آم خریدنے سے گریز کریں

ان اہم باتوں کے ساتھ ساتھ جھریوں والے آم خریدنے سے بھی سختی سے گریز کرنا چاہیے۔ چھلکے پر جھریاں پڑنے کا مطلب یہ ہے کہ پھل اپنی قدرتی نمی اور تازگی کھو چکا ہے۔ تازہ آم ہمیشہ ہمواراور اچھی شکل کے ہوتے ہیں۔

وزنی آم زیادہ رسیلے ہو سکتے ہیں

آم کا وزن بھی اس کا معیار بتا سکتا ہے۔ جو آم ہاتھ میں پکڑنے پر اپنے حجم کے لحاظ سے زیادہ بھاری محسوس ہو، اس میں ہلکے آم کی نسبت زیادہ گودا اور رس ہوتا ہے۔

قدرتی طور پر پکے آم کی پہچان

ہمیشہ قدرتی طور پر پکے ہوئے آموں کا انتخاب کرنا چاہیے جن کی رنگت یکساں اور خوشبو دلکش ہو۔ بہت زیادہ چمکدار یا غیر مساوی رنگت والے آموں سے پرہیز کرنا بہتر ہے کیونکہ وہ مصنوعی طریقے سے پکائے گئے ہو سکتے ہیں۔

یہ بات بھی ذہن نشین رہے کہ آم صرف ذائقے میں ہی لاجواب نہیں بلکہ یہ وٹامن اے اور سی سے بھی بھرپور ہوتا ہے جو انسانی قوت مدافعت کو مضبوط بناتا ہے۔ آم کو استعمال کرنے سے پہلے اسے کچھ دیر پانی میں بھگو کر رکھنا جسمانی صحت کے لیے مزید فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔

ان چند آسان لیکن انتہائی اہم باتوں کو ذہن میں رکھ کر آپ جب بھی بازار کا رخ کریں گے تو ہمیشہ میٹھے، رس دار اور آم ہی چن کر گھر لائیں گے۔

More

Comments
1000 characters