پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ہردلعزیز جوڑی جویریہ اور سعود قاسمی ہمیشہ سے اپنے مداحوں کے ساتھ گہرا رشتہ رکھتے ہیں اور زندگی کے ہر اہم موڑ کو ان کے ساتھ شیئر کرتے ہیں۔ حال ہی میں جویریہ سعود نے اپنے حج کے سفر کا ایک ایسا ایمان افروز اور سحر انگیز واقعہ مداحوں کے ساتھ شیئر کیا، جس نے سب کے دلوں کو چھو لیا ہے۔

جویریہ اور سعود نے سال 2022 میں فریضۂ حج کی سعادت حاصل کی تھی۔ اسی مقدس سفر کے دوران جویریہ کو ایک غیر معمولی اور معجزاتی تجربے سے گزرنے کا شرف حاصل ہوا۔

جویریہ کے مطابق انہوں نے دورانِ حج محسوس کیا کہ ان کی ہتھلیوں سے عطر کی خوشبو آ رہی ہے، حالانکہ انہوں نے کوئی عطر یا خوشبو استعمال نہیں کی تھی۔

احرام کی حالت میں ہونے کی وجہ سے وہ تھوڑی فکرمند ہوئیں اور انہوں نے اپنے ساتھ موجود ایک خاتون حاجی سے پوچھا کہ، ’میرے ہاتھوں سے عطر کی خوشبو آ رہی ہے جبکہ میں نے ہر چیز نئی خریدی تھی اور ایسی کسی چیز کو ہاتھ بھی نہیں لگایا، کیا اس سے میرے حج پر کوئی اثر پڑے گا؟‘

جویریہ نے بتایا کہ خاتون کے مشورے پر انہوں نے کئی مرتبہ ہاتھ دھوئے، مگر خوشبو ختم نہ ہوئی۔ حیران کن طور پر یہ مہک مسلسل تین دن تک ان کے سیدھے ہاتھ کی ہتھیلی پر محسوس ہوتی رہی اور تین دن بعد وہ خوشبو خود بخود غائب ہوگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس دوران میرے ساتھ موجود حاجی خواتین روزانہ آکر میراہاتھ سونگھتی تھیں جبکہ ایک خاتون بزرگ نے مجھے اسے کسی کو نہ بتانے کا مشورہ دیا۔

جویریہ نے اس واقعے کو شروع میں کافی حد تک راز میں رکھا، تاہم ان کے قافلے میں موجود دیگر لوگوں کو اس بات کا علم ہو گیا اور ان کے ذریعے وہ بات پھیل گئی۔

اس واقعے نے انہیں بے حد متاثر کیا اور وہ اسے اللہ تعالیٰ کی خصوصی رحمت اور کرم سمجھتی ہیں۔

بعد ازاں، جب انہوں نے اپنے ایک شو میں اس واقعے کا تذکرہ کیا، تو وہاں موجود مولانا نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک خاص رحمت اور نظرِ کرم تھی۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ حج کا سفر ان کی زندگی کے یادگار ترین تجربات میں شامل ہے، جہاں انہوں نے کئی روحانی کیفیات اور اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کو قریب سے محسوس کیا۔

ان کی یہ گفتگو سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کر رہی ہے اور مداح اس روحانی واقعے پر والہانہ محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔

More

Comments
1000 characters