پاکستانی ڈرامہ ’درِ نجات‘ کا ایک منظر سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گیا، جس کے بعد اداکارہ درفشاں سلیم نے خواتین کے لباس اور حیا سے متعلق معاشرتی رویوں پر اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر خاتون کو اپنی پسند اور آرام کے مطابق لباس پہننے کی آزادی ہونی چاہیے اور اس کے انتخاب کو تنقید کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔

اداکارہ کا یہ بیان ڈرامہ سیریل ’درِ نجات‘ میں ان کے کردار زریاب حبیب کے ایک منظر پر ہونے والی تنقید کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس منظر نے خواتین کے لباس، ذاتی پسند اور حیا کے تصور سے متعلق ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

درفشاں سلیم نے انسٹاگرام پر ایک تفصیلی پوسٹ میں اس معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کیا اور کہا کہ کسی خاتون کا بغیر آستینوں والے کپڑے پہننا یا زیادہ ڈھکا ہوا لباس پسند کرنا اس کا ذاتی فیصلہ ہے۔ دونوں صورتوں میں اسے تنقید یا وضاحت کے مطالبے کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔

تنازع اس وقت شروع ہوا جب ڈرامے میں درفشاں سلیم کے کردار زریاب حبیب کو ایک خاندانی تقریب کے لیے بغیر آستینوں والا لباس پہننے میں ہچکچاتے دکھایا گیا۔

اس منظر میں زریاب اس مخصوص لباس میں خود کو آرام دہ محسوس نہیں کر رہی تھیں، جس پر ناظرین کی مختلف آرا سامنے آئیں۔ بعض افراد نے سوال اٹھایا کہ لباس کی پسند میں تبدیلی کو کردار کی شخصیت میں تبدیلی کا حصہ کیوں بنایا جا رہا ہے، جبکہ کچھ ناظرین نے اپنی سہولت کے مطابق لباس منتخب کرنے کے فیصلے کی حمایت کی۔

دیکھتے ہی دیکھتے یہ بحث ڈرامے کے ایک منظر سے آگے بڑھ گئی اور خواتین کے لباس، حیا اور ذاتی آزادی سے متعلق معاشرتی سوچ زیرِ بحث آگئی۔

تنقید کا جواب دیتے ہوئے درفشاں سلیم نے واضح کیا کہ وہ خود بغیر آستینوں والے کپڑے پہنتی ہیں اور ان میں آرام محسوس کرتی ہیں، تاہم کچھ مخصوص طرز کے لباس ایسے بھی ہیں جو وہ پہننا پسند نہیں کرتیں۔

اداکارہ کے مطابق ہر انسان کی پسند اور آرام کا معیار مختلف ہوتا ہے۔ کوئی خاتون ایک مخصوص لباس میں پراعتماد محسوس کر سکتی ہے، جبکہ دوسری خاتون اسی لباس میں خود کو غیر آرام دہ محسوس کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی خاتون کے لباس کی پسند کو اس کے خلاف تنقید کا جواز نہیں بنانا چاہیے۔ ہر عورت کو ذاتی پسند کے مطابق فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہے۔

درفشاں سلیم کا مؤقف ہے کہ لباس کے انتخاب میں کسی خاتون کو اس لیے بہتر یا کمتر نہیں سمجھنا چاہیے کہ اس کی پسند دوسروں سے مختلف ہے۔

درفشاں سلیم نے اپنے کردار کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ’درِ نجات‘ کی کہانی شروع سے ہی زریاب کی زندگی کے سفر، اس کی خامیوں، کمزوریوں اور شخصیت کے تضادات کے گرد گھومتی رہی ہے۔ اس لیے کردار کو صرف ایک منظر کی بنیاد پر پرکھنے کے بجائے اس کے پورے سفر کو سمجھنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ناظرین کو ہر افسانوی کردار کے ذاتی فیصلوں کو عوامی بحث کا موضوع بنانے سے گریز کرنا چاہیے۔ ضروری نہیں کہ لوگ زریاب کے ہر فیصلے سے اتفاق کریں یا اس کے کردار سے خود کو جوڑ کر دیکھیں۔

درفشاں نے اپنی پوسٹ کے اختتام پر کہا کہ ہر کہانی کو ہمارے لیے کوئی سبق بننا ضروری نہیں، بعض اوقات وہ محض کسی دوسرے شخص کی کہانی ہوتی ہے جسے اسی تناظر میں دیکھنا چاہیے۔

More

Comments
1000 characters