پاکستانی اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی دیرینہ دوست اور سینیئر آرٹسٹ حمیرا ظہیر کی صحت سے متعلق تازہ معلومات شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔
بشریٰ انصاری نے بتایا کہ حمیرا ظہیر کی طبیعت اچانک خراب ہوئی، جس کے بعد انہیں انتہائی نگہداشت کے شعبے (آئی سی یو) میں منتقل کردیا گیا۔ ان کے مطابق حمیرا ظہیر گزشتہ ایک ہفتے سے آئی سی یو میں زیر علاج ہیں، تاہم ان کی صحت میں تاحال کوئی خاص بہتری نہیں آئی۔
بشریٰ انصاری نے بتایا کہان دونوں کی دوستی 54 سال پرانی ہے اور وہ بچپن کی گہری دوست ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم بچپن مں ایک ساتھ ایک پروگرام میں گاتے تھے اور پھر ساتھ کالج جاتے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حمیرا کی جلدی شادی ہوگئی تھی۔ حمیرا کے شوہر ظہیر خان مشہور ڈائریکٹر اور پی ٹی وی کے سابق جی ایم رہ چکے ہیں اور ہم سب کا ایک دوسرے کے ساتھ بڑا وقت گذرا ہے۔ ہم اپنے دکھ سکھ سب ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کرتے تھے۔
حمیرا ظہیر بالکل ٹھیک ٹھاک تھیں لیکن اچانک ان کی طبیعت خراب ہوئی اور انہیں فوری طور پر آئی سی یو منتقل کرنا پڑا۔
بشریٰ انصاری کے مطابق وہ اپنی دوست کی عیادت کے لیے روزانہ اسپتال جا رہی ہیں اور ان کی صحت کے بارے میں مسلسل معلومات لے رہی ہیں۔
سینئر اداکارہ نے موجودہ دور میں ذہنی دباؤ کے صحت پر اثرات کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پریشانی اور دباؤ انسان کی صحت کو بری طرح متاثر کر سکتے ہیں۔
انہوں نے اپنے مداحوں اور سوشل میڈیا فالوورز سے درخواست کی کہ وہ حمیراظہیر کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کریں۔
واضح رہے کہ بشریٰ انصاری نے اس سے قبل بھی انسٹاگرام پر اپنی دوست حمیراظہیر کی ناسازیٔ طبیعت سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے مداحوں سے ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی تھی۔
























