پاکستانی اداکارہ و ماڈل وینا ملک نے اپنے بڑھتے وزن پر مسلسل تنقید سے پریشان ہوکر سوشل میڈیا صارفین کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں بار بار موٹا کہہ کر ذہنی کوفت میں مبتلا نہ کیا جائے۔
اداکارہ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ اپنے وزن پر ہونے والے تبصروں پر ناراضی کا اظہار کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
وینا ملک نے ویڈیو میں کہا کہ انہیں پہلے موٹے لوگوں کو درپیش مشکلات کا اندازہ نہیں تھا، لیکن جب خود ان کا وزن بڑھا تو انہیں احساس ہوا کہ اس حوالے سے لوگوں کے تبصرے کس قدر تکلیف دہ ہوسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گھر میں ہوں تو لوگ طعنہ دیتے ہیں کہ سارا کھانا وہ بہت زیادہ کھاتی ہیں، باہر نکلیں تو ہر کوئی یہی کہتا ہے کہ وہ موٹی ہو گئی ہیں اور جب وہ کسی شوٹنگ پر جاتی ہیں تو پوری ٹیم کی طرف سے یہی جملے سننے کو ملتے ہیں کہ ان کا چہرہ موٹا آ رہا ہے۔
ان کے بقول، زندگی میں انسان کبھی دبلا ہوتا ہے تو کبھی اس کا وزن بڑھ جاتا ہے، لیکن لوگوں نے اس معاملے کو ان کے لیے مشکل بنا دیا ہے۔
اداکارہ نے شکوہ کیا کہ جب تک وہ خود موٹی نہیں ہوئی تھیں، انہیں اندازہ نہیں تھا کہ زائد وزن والے افراد کو معاشرے میں کس قدر ذہنی تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے ناقدین کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ موٹی ضرور ہو گئی ہیں لیکن اندھی نہیں ہیں، انہیں خود بھی اپنے وزن کا پورا احساس ہے اور اب وہ جلد ہی اپنا وزن کم کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
وینا ملک نے اعتراف کیا کہ زندگی کے کچھ معاملات اور زیادہ کھانے کی وجہ سے ان کے وزن میں اضافہ ہوا ہے، تاہم انہوں نے عوام اور مداحوں سے گزارش کی ہے کہ اب انہیں مزید موٹا بولنا بند کیا جائے کیونکہ وہ جلد ہی محنت کرکے دوبارہ پتلی ہو جائیں گی۔
























