برطانوی ادیب ایم جان ہیریسن نے اپنے ڈسٹوپین ناول دی اینڈ آف ایوریتھنگ کے لیے 2026 کا بکر پرائز جیت لیا۔ 81 سالہ مصنف یہ عالمی شہرت یافتہ ادبی اعزاز حاصل کرنے والے تاریخ کے سب سے معمر ادیب بن گئے ہیں۔ انہیں لندن میں منعقدہ تقریب کے دوران 50 ہزار پاؤنڈ کی انعامی رقم بھی دی گئی۔
بکر پرائز کی تقریب پیر کے روز لندن کے اولڈ بلنگس گیٹ میں منعقد ہوئی، جہاں گزشتہ سال کے فاتح ڈیوڈ سزالے نے ایم جان ہیریسن کو ایوارڈ پیش کیا۔
یہ ہیریسن کی پہلی بکر پرائز نامزدگی تھی اور پہلی مرتبہ بنیادی طور پر سائنس فکشن ادب لکھنے والے کسی مصنف نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔ بکر پرائز فاؤنڈیشن کے مطابق ان کی یہ کامیابی ایوارڈ کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے۔
ایم جان ہیریسن کا 13واں ناول دی اینڈ آف ایوریتھنگ انگلینڈ کے ساحلی علاقے کینٹ میں پیش آنے والے حالات کے گرد گھومتا ہے۔ کہانی میں ایک ساحل پر چیزیں تلاش کرنے والا شخص اور اس کی عمر رسیدہ خالہ ایک پراسرار تباہی کے بعد زندہ رہنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ان کی زندگی اس وقت مزید مشکلات کا شکار ہوجاتی ہے جب شکلیں بدلنے والی پراسرار مخلوقات، جنہیں ’’آئی گیٹی‘‘ (iGhetti) کہا جاتا ہے، وہاں پہنچ جاتی ہیں۔
صرف 198 صفحات پر مشتمل یہ ناول رواں سال بکر پرائز کے لیے منتخب ہونے والی چھ کتابوں میں سب سے مختصر تھا۔
تاریخ دان اور نشریاتی ادارے سے وابستہ میری بیئرڈ کی سربراہی میں قائم جیوری نے 163 کتابوں میں سے متفقہ طور پر ہیریسن کے ناول کو فاتح قرار دیا۔
میری بیئرڈ نے ناول کو ’’مستقبل کے تناظر میں آج کی سیاست کی عکاسی‘‘ قرار دیتے ہوئے اس میں موجود سیاہ مزاح، سیاسی طنز اور امید کے پہلوؤں کو سراہا۔
ایم جان ہیریسن کا ادبی سفر چھ دہائیوں پر محیط ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ انہوں نے کینیڈا کی معروف مصنفہ مارگریٹ ایٹ وڈ کا ریکارڈ بھی توڑ دیا، جو 2019 میں مشترکہ طور پر بکر پرائز جیتنے کے وقت 79 سال کی تھیں۔
2026 کے بکر پرائز کی مختصر فہرست میں ماضی کے فاتحین مارلن جیمز اور ڈگلس اسٹورٹ کے علاوہ الزبتھ اسٹراٹ، لیوک کینارڈ اور ربیکا پیری کے نام بھی شامل تھے۔
اس کامیابی کے ساتھ آزاد اشاعتی ادارے سرپنٹز ٹیل (Serpent’s Tail) نے بھی پہلی مرتبہ بکر پرائز جیتا ہے۔ ایم جان ہیریسن کا ناول اسی ادارے نے شائع کیا تھا۔
واضح رہے کہ بکر پرائز کا آغاز 1969 میں ہوا تھا۔ یہ ایوارڈ برطانیہ یا آئرلینڈ میں شائع ہونے والے انگریزی زبان کے بہترین فکشن ناولوں کو دیا جاتا ہے۔
























