پاپ گلوکار مائیکل جیکسن کی زندگی کی کہانی پر مبنی فلم’مائیکل’ بنانے کا اعلان کردیا گیا۔

ورائٹی کی رپورٹ کے مطابق آنجہانی گلوکار مائیکل جیکسن کی زندگی کو فلمانے والے لائنس گیٹ اسٹوڈیو کا کہنا ہے کہ بائیوپک میں مائیکل جیکسن کا کردار ان کے 26 سالہ بھتیجے جعفر جیکسن نبھائیں گے۔

مائیکل جیکسن کی والدہ کا کہنا ہے کہ جعفر میرے بیٹے کی طرح دکھتا ہے، اسے جیکسن کی میراث کو آگے بڑھاتے ہوئے دیکھ کر بہت اچھا لگے گا ۔

لائنس گیٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلم ’مائیکل‘ میں اس پیچیدہ آدمی کو فلمایا جائے گا جو پاپ کا بادشاہ بن گیا۔

فلم میں ان کی زندگی کے تمام پہلو اور ان کی سب سے قابل ذکر پرفارمنس شامل ہوں گی جنہوں نے اسے موسیقی کی دنیا کا ’آئکن‘ بنا دیا۔

ہالی ووڈ کے اینٹون فوکا فلم کی ہدایتکاری کے فرائض نبھائیں گے جبکہ گراہم کنگ فلم کو پروڈیوس کریں گے۔

فلم کے پروڈیوسر اور ڈائریکٹر کے مطابق مائیکل جیکسن کے کردار کو نبھانے کیلئے جعفر جیکسن کا انتخاب اس لئے کیا گیا کہ ان میں اپنے چچا کے کردار کو زندہ کرنے کی فطری صلاحیت تھی۔

انہوں نے کہا کہ یہ واضح تھا کہ یہ کردار بہتر انداز میں ادا کرنے والے وہ واحد شخص ہیں ۔

فلم کے ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ وہ انتظار نہیں کر سکتے کہ دنیا جعفر جیکسن کو مائیکل جیکسن کے طور پر بڑی اسکرین پر دیکھے۔

خیال رہے کہ جعفر جیکسن مائیکل کے بڑے بھائی جرمین جیکسن کے بیٹے ہیں، جو ایک گلوکار اور پروڈیوسر بھی ہیں۔

More

Comments are closed on this story.