پکوانوں کی دنیا میں اپنی چبھتی ہوئی تنقیدوں کیلئے مشہور، معروف ترین کوکنگ شو ”ماسٹر شیف“ کے برطانوی جج شیف گورڈن رامسے کی بنائی ہوئی ڈش ”بٹر چکن“ نے بھارتیوں کے تن بدن میں آگ لگا دی ہے۔

گورڈن رامسے نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بٹر چکن بنانے کا تیز ترین طریقہ شئیر کیا، انہوں نے اس ڈش کو اپنی پسندیدہ قرار دیا اور اسے محض 14 منٹ 58 سیکنڈ میں بنا بھی لیا۔

لیکن جب بھارتیوں نے گورڈن رامسے کا طریقہ دیکھا تو ان کے تلوے سے لگی اور سر پر بجھی۔

گورڈن نے بٹر چکن بنانے کا آغاز چکن کو مصالحے کے آمیزے میں میرینیٹ کرنے کے ساتھ شروع کیا، تاہم، یہ گریوی کی تیاری کے دوران انہوں نے ٹماٹر کی جگہ ”ٹومیٹو ساس“ کا استعمال کیا، یہ پہلا موقع تھا جہاں بھارتیوں نے بے چینی میں پہلو بدلا۔

اس کے بعد انہوں نے اپنی ڈش مکمل کی تو کمنٹ سیکشن میں نقادوں کی لائن لگ گئی۔

کچھ نے تو ٹماٹر کی جگہ ان کے ٹومیٹو ساس شامل کرنے پر تنقید کی، جبکہ کچھ نے توجہ دلائی کہ بھائی صاحب نے ڈش کا اہم جُز ”کاجو“ تو شامل ہی نہیں کیے۔

کچھ صارفین نے اتنے کم وقت میں بٹر چکن تیار ہونے پر حیرت کا اظہار کیا، اور کچھ کا کہنا تھا کہ جو مصالحے استعمال کیے گئے وہ اصلی بٹر چکن والا ذائقہ نہیں دے پائیں گے۔

ایک صارف نے تو یہ تک کہہ دیا کہ ’میری ممی یہ تو کبھی نہ کھائیں‘۔

More

Comments are closed on this story.