پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے اُبھرتے ہوئے نوجوان اداکار اور موسیقار ثمر جعفری نے ایک انٹرویو میں اپنے خوابوں کے بھارتی کو اسٹارز اور پسندیدہ پروجیکٹس کے بارے میں دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔
ثمر جعفری حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شریک ہوئے جہاں انہوں نے میزبان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے اپنے خوابوں کی بھارتی اداکارہ اور پروجیکٹس کے حوالے سے بتایا۔
انہوں نے کہا، ”میں چاہتا ہوں کہ میرا بالی ووڈ ڈیبیو عالیہ بھٹ کے ساتھ ہو۔ اس وقت میں کرن جوہر کی فلموں کا مداح ہوں اور مجھے ان کا اسٹائل پسند ہے، خاص طور پر ان کی وہ فلمیں جن میں کالج کے طالبعلموں کو مرکزی کردار کے طور پر دکھایا جاتا ہے، بالکل جیسے اسٹوڈنٹ آف دی ایئر۔“
جب ان سے ان کے پسندیدہ بھارتی کرکٹرز کا نام پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ویرات کوہلی ان کے پسندیدہ بھارتی کرکٹر ہیں اور وہ ہمیشہ سے ان کے مداح رہے ہیں۔
ثمر جعفری نے موسیقی کے میدان میں اپنی خواہش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ،میری خواہش ہے کہ میں کاوش کے ساتھ ایک سلو رومانٹک گانا اور دلجیت دوسانجھ کے ساتھ ایک خالص پنجابی گانا کروں۔ یہ دونوں میرے خوابوں کی کولیبریشنز ہیں۔
ثمر جعفری کو حال ہی میں ڈرامہ ”پرورش“ میں بطور موسیقار بھی خوب سراہا گیا ہے جبکہ ان کی اداکاری کو ڈرامہ ”مائی ری“ میں شاندار پرفارمنس کی بدولت مداحوں کی بھرپور تعریف ملی۔ ثمرجعفری بچپن سے ہی شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہیں اور بطور چائلڈ اسٹارکئی معروف اشتہارات میں بھی کام کرچکے ہیں۔