اگر آپ نے سوشل میڈیا پر لوگوں کے کانوں میں لگے چھوٹے چمکدار موتی دیکھے ہیں تو یہ کوئی زیورات نہیں بلکہ ایئرسیڈنگ ہوتی ہے۔ یہ طریقہ بظاہر نیا لگتا ہے لیکن دراصل صدیوں پرانی ایک چینی طریقہ علاج سے لیا گیا ہے۔

آج کل لوگ ماضی کے مقابلے میں اپنی صحت اور تندرستی پر کہیں زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔۔ ہم بہتر غذا کھا رہے ہیں، اچھی مصنوعات کا انتخاب کر رہے ہیں اور نئی چیزیں آزما رہے ہیں تاکہ خود کو جسمانی اور ذہنی طور پر بہتر رکھ سکیں۔

یقینا سوشل میڈیا کا اس میں بڑا کردار ہے۔ آن لائن دنیا ہمیں دنیا کے ہر کونے سے جوڑ رہی ہے، ہم مستقل طور پر صحت کے نئے طریقے دریافت کر رہے ہیں۔ یقینی طور پر، کچھ رجحانات قدرے عجیب لگ سکتے ہیں، لیکن بہت سے دراصل حیرت انگیز فوائد کے ساتھ آتے ہیں۔ انہی میں ایک مشہور رجحان سامنے آ رہا ہے جسے ایئر سیڈنگ (Ear Seeding) کہا جاتا ہے۔

ایئرسیڈنگ کیا ہے؟

ایئر سیڈنگ ایکوپنکچر کا ہی ایک حصہ ہے، لیکن اس میں سوئیوں کی جگہ چھوٹے بیج یا موتی استعمال کیے جاتے ہیں۔ یہ بیج کان کے مخصوص پوائنٹس پر چپکا دیے جاتے ہیں اور دن میں چند بار انہیں ہلکا دبایا جاتا ہے۔

یہ پوائنٹس جسم کے مختلف حصوں سے جڑے ہوتے ہیں، اس لیے انہیں دبانے سے جسم میں توانائی کا بہاؤ بہتر ہوتا ہے، تناؤ کم ہوتا ہے اور مجموعی صحت میں بہتری آتی ہے۔

ماہرین کے مطابق کان کو جسم کا ایک ”چھوٹا نقشہ“ سمجھا جاتا ہے، یعنی کان کے ہر پوائنٹ کا تعلق جسم کے کسی نہ کسی حصے سے ہوتا ہے۔

ایئر سیڈنگ کے مقبول ہونے کی ایک بڑی وجہ تویہ ہے کہ اس میں سوئی یا چُبھنے والی کسی چیز کا استعمال نہیں ہوتا ہے اس لیے اس میں درد نہیں ہوتا ہے۔

چھوٹے بیج یا موتی زیورات کی مانند خوبصورت دکھائی دیتے ہیں۔ یہ گھر پر آسانی سے استعمال ہونے والی کٹس میں دستیاب ہیں اور سب سے بڑھ کر یہ قدرتی اور بغیر کسی دوا کے طریقہ علاج ہے جوجلد اور مؤثر نتائج دیتی ہے اور اس کے کوئی مضر اثرات نہیں ہیں۔

ایئرسیڈنگ کو مختلف مسائل جیسے دائمی درد، ہارمونی مسائل،بانجھ پن، بے چینی اور ڈپریشن، نیند کی کمی،موٹاپا، توجہ اور توانائی میں اضافہ میں مددگار سمجھا جاتا ہے۔ یہ عمل جسم اور ذہن دونوں کو آرام اور سکون پہنچاتا ہے۔

اس کا کیا طریقہ ہے؟

سب سے پہلے ماہر کان پر مخصوص پوائنٹس تلاش کرتا ہے۔ ان پوائنٹس پر چھوٹے بیج ٹیپ سے چپکائے جاتے ہیں۔ دن میں دو تین بار موتیوں کو ہلکا دبایا جاتا ہے۔ موتی 3 سے 5 دن کے بعد ہٹا دیے جاتے ہیں اس پورے عمل میں بالکل درد نہیں ہوتا ہے ۔ یہ محفوظ اور آسان ہے۔

احتیاط

بیج 5 دن سے زیادہ نہ لگے رہنے دیں۔

خارش، درد یا سوجن ہو تو فوراً ہٹا دیں۔

حمل کی حالت میں ماہر سے مشورے کے بغیر نہ کروائیں

صفائی اور کان کی حفظانِ صحت کا خاص خیال رکھیں

کسی بیماری کی صورت میں پہلے ماہر ڈاکٹر سے رجوع کریں

AAJ News Whatsapp

اس کی آن لائن ڈی آئی وائی کٹس دستیاب ہیں لیکن ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ غلط جگہ بیج لگانے سے نقصان ہو سکتا ہے، اس لیے پہلی بار یہ عمل صرف تربیت یافتہ ماہر سے ہی کروائیں۔

ایئر سیڈنگ صرف ایک فیشن نہیں بلکہ صدیوں پرانا آزمودہ طریقہ علاج ہے۔ اس سادہ، خوبصورت، محفوظ اور قدرتی طریقہ کو آسانی سے اپنی روزمرہ نگہداشت کی روٹین میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

More

Comments
1000 characters