گذشتہ روز بالی وڈ اداکارہ دیشا پٹانی کے گھر کے باہر نامعلوم حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، تاہم اداکارہ اور ان کے اہل خانہ محفوظ رہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ تقریباً شب 3:30 بجے پیش آیا، جب دو موٹر سائیکل سوار حملہ آور دیشا کے بیریلی میں واقع گھر پر گولیاں برسا کر فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حملے کے دوران کسی کو نقصان نہیں پہنچا، لیکن اہل خانہ نے خوفزدہ ہو کر بعد میں پولیس سے رابطہ کیا۔
دیشا کے والد، جگدیش پٹانی نے فوری طور پر کوٹوالی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی، جس کے بعد پولیس نے پانچ خصوصی ٹیمیں، بشمول اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) تعینات کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
بعد ازاں، بدنام زمانہ گینگسٹر روہت گودارا اور لارنس بشنوی سے منسلک گولڈی برار گروپ نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے فائرنگ کی ذمہ داری قبول کر لی۔
گینگ نے پوسٹ میں کہا،”یہ صرف ایک ٹریلر تھا۔ اگلی بار اگر خوشبو پٹانی یا کسی بھی شخص کی طرف سے ایسی حرکت کی گئی تو ہم ان کے گھر سے کسی کو زندہ نہیں چھوڑیں گے۔ یہ پیغام صرف دیشا کے لیے نہیں بلکہ فلم انڈسٹری کے تمام فنکاروں اور ان سے وابستہ لوگوں کے لیے بھی ہے۔“
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حملہ دیشا پٹانی کی بہن، خوشبو پٹانی کے بیان سے منسلک لگ رہا ہے۔ خوشبو نے اپنے روحانی رہنماوں، پریم نند مہاراج اور انیرودھ آچاریہ جی مہاراج کے حوالے سے مبینہ توہین آمیز بیانات دیے تھے، جس کے بعد گولڈی برار گروپ نے حملہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
قریب کے ہوٹل کے مالک سچن یادو نے بتایا، ”میری ٹیم نے فائرنگ کی آواز سنی اور مجھے مطلع کیا۔ میں باہر نکلا تو کوئی نہیں تھا۔ تھوڑی دیر بعد پڑوسی بھی باہر آئے۔ گولیاں مسلسل چلائی گئیں، ان کی صحیح تعداد گننا ممکن نہیں تھا۔“
اداکارہ کے خاندان میں والد جگدیش پٹانی، والدہ پدمہ پٹانی، بھائی سوریانش اور بہن خوشبو شامل ہیں۔ پولیس نے واقعے کے بعد حفاظتی اقدامات بھی بڑھا دیے ہیں۔