پاکستان کے معروف مگر متنازع یوٹیوبر رجب بٹ ایک بار پھر عوامی تنقید کی زد میں ہیں۔ اپنے بیٹے کیوان سلطان کے ہمراہ وائرل ہونے والی ویڈیو ایک نئے اور سنگین تنازع کا باعث بن گئی ہے۔

حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں رجب بٹ کو ایک بچے کے ساتھ دکھایا گیا، جسے صارفین نے ان کے بیٹے کی پہلی جھلک قرار دیا۔ تاہم ایمان فاطمہ نے اس ویڈیو کو مسترد کرتے ہوئے اہم انکشافات کیے ہیں۔

ایمان فاطمہ نے سوشل میڈیا پر اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ ویڈیو حقیقی نہیں بلکہ ایک منصوبہ بندی کے تحت بنائی گئی اور بعد میں جان بوجھ کر لیک کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ، ’یہ ویڈیو باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت ریکارڈ کی گئی اور پھر رجب کے قریبی حلقوں کی جانب سے جان بوجھ کر انٹرنیٹ پر لیک کی گئی۔ مقصد صرف اور صرف ہمدردی بٹورنا اور سوشل میڈیا پر اپنا بگڑا ہوا امیج درست کرنا تھا۔‘

ایمان نے انکشاف کیا کہ رجب نے پوڈ کاسٹ اور ذاتی ملاقاتوں میں یہ وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنے بیٹے کو کئی سالوں تک میڈیا کی نظروں سے دور رکھیں گے، لیکن ویوز اور ریٹنگ کی خاطر ایک نجی ملاقات کو عوامی تشہیر میں بدل دیا گیا۔

ایمان فاطمہ نے اس صورتحال کو محض ایک خاندانی جھگڑا نہیں بلکہ ”بچوں کا استحصال“ قرار دیا۔ انہوں نے سخت الفاظ میں کہا کہ ایسے لوگ معاشرے کے لیے خطرہ بنتے جا رہے ہیں، جو اپنے بچوں کو بھی کانٹینٹ کا ذریعہ بنا دیتے ہیں۔

انہوں نے دکھی دل سے کہا، ’ اپنے بچے سے صرف ایک بار ملنا، اسے ”میٹھی یاد“ بنا کر پیش کرنا، اور پھر کسی تیسرے فریق کے ذریعے ویڈیو کو سامنے لانا میرے کم عمر بچے کو میری اجازت کے بغیر استعمال کیا گیا اور ایک ماں کے طور پر یہ میرے دل کو توڑ دیتا ہے۔‘

ایمان نے مزید الزام لگایا کہ وہ اور ان کا بیٹا شروع دن سے ہی اپنے بنیادی معاشی، سماجی اور جذباتی حقوق کے لیے تڑپ رہے ہیں اور یہ ویڈیو ان کے زخموں پر نمک چھڑکنےکے برابر ہے۔

اس پوسٹ کے منظرِ عام پر آتے ہی انٹرنیٹ صارفین دو دھڑوں میں بٹ گئے ہیں، تاہم اکثریت رجب بٹ کے اس رویے پر نالاں نظر آتی ہے۔

ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ”رجب کے لیے رشتوں سے زیادہ کانٹینٹ اہم ہے۔“

ایک اور صارف نے ایمان فاطمہ کی ہمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ”کسی ماں کے لیے اس سے زیادہ تکلیف دہ کیا ہوگا کہ اس کا بچہ شہرت کی بھینٹ چڑھایا جائے۔“

یاد رہے کہ رجب بٹ اور ایمان فاطمہ کی شادی شروع سے ہی خبروں میں رہی۔

پرتعیش شادی کے محض ایک ماہ بعد رجب بیرونِ ملک چلے گئے تھے، جس کے بعد ان کے مبینہ افیئرز اور باہمی اختلافات کی خبریں سوشل میڈیا کی زینت بنتی رہیں۔

اب بیٹے کے معاملے پر ہونے والا یہ تازہ ترین انکشاف اس جوڑے کے درمیان موجود خلیج کو مزید گہرا کر گیا ہے۔

فی الحال رجب بٹ کی جانب سے ان الزامات پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

More

Comments
1000 characters